ممبئی: مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا کے واحد مسلم لیڈر اور نو شامل شدہ وزیر مملکت عبد الستار نبی نے حکومت سے دست برداری اختیار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ذرائع کے مطابق انہیں کابینی وزیر نہ بنائے جانے کی وجہ سے انہوں نے استعفیٰ دیا ہے۔شیو سینا پارٹی اور وزیر کے اہل خانہ نے ہفتہ کے روز ان خبروں کی سختی سے تردید کی۔
در اصل اسمبلی انتخابات سے قبل عبد الستار نے کانگریس سے علیحدگی اختیار کر کے شیو سینا میں شماولیت اختیار کی تھی۔
شیو سینا کے راجیہ سبھا کے ممبر پارلیمنٹ انیل دیسائی نے اس کو میڈیا کا خیال کہکر مسترد کرتے ہوئے کہا ’انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا ہے،نہ مجھے اور نہ پارٹی میں کسی کو اپنا استعفیٰ دیا ہے۔
مقامی میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اورنگ آباد میں عبد الستار کے فرزند سمیر نبی نے بھی اس خبر کی تردید کی اور کہا کہ وہ مزید تفصیلات کے لئے اپنے والد کے پاس پہنچنے کی کو شش کر رہے ہیں۔سینا کے واحد مسلم چہرہ اور کابینہ میں چار مسلمانوں میں سے،سلود (اورنگ آباد) سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی عبد الستار نے جب 30 دسمبر کو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اپنی کابینہ میں تو سیع کی تو،وزیر مملکت کی حیثیت سے حلف لیاتھا۔لیکن اب تک انہیں قلمدان نہیں دیا گیا ہے۔
خبر ہے کہ عبد الستار نبی،رکن اسمبلی کی حیثیت سے بھی استعفیٰ دے سکتے ہیں اور اس سلسلہ میں معاونین سے مشورہ کر رہے ہیں۔
پچھلے ایک ہفتے سے شیو سینا۔نیشنلسٹ کانگریس پارٹی۔کانگریس کے مہا وکاس اگھاڑی اتحاد کے اعلیٰ رہنما کابینہ کے اہم قلمدانوں کی حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔