نئی دہلی ۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری اوراتر پردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر صحافی سلبھ سریواستو قتل مقدمہ کی تفتیش مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) سے کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔پرینکا گاندھی نے یوگی کو لکھے گئے خط میں کہا کہ سلبھ سریواستو نے پولیس کو درخواست دی تھی کہ شراب مافیا غیر قانونی شراب سے متعلق ان کی خبروں سے ناراض ہیں ، لہذا وہ اپنے اور اپنے افراد خاندان کے تحفظ کے حوالہ سے پریشان ہیں لیکن ان کی درخواست پر عمل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں شراب مافیا اور انتظامیہ کے مابین گٹھ جوڑ ہے ۔ اور اسی گٹھ جوڑ کے سبب شراب مافیا بلا خوف و خطر جرائم کا ارتکاب کررہا ہے اور انتظامیہ ان کے خلاف آنے والی کسی بھی شکایت پر توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ انہوں نے اس سارے معاملے کی سی بی آئی سے تفتیش کا مطالبہ کیا ہے ۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری نے اپنے خط میں لکھا اے بی پی نیوزکے صحافی سلبھ سریواستوکی13 جون کی رات ضلع پرتاپ گڑھ میں مشکوک حالت میں موت ہوئی تھی۔ وہ ایک نیوزکاور کرنے کے بعد گھر لوٹ رہے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق وہ ایک اینٹ کی بھٹی کے قریب مردہ حالت میں پائے گئے اس کے سر پر زخموں کے گہرے نشان تھے ۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ 12 جون کو سلبھ سریواستو نے اے ڈی جی کو مکتوب لکھا تھا کہ جس میں انہوں نے مقامی شراب مافیا سے اپنی جان اور افراد خاندان کیلئے خطرہ بتایا تھا لیکن ایک دن بعد وہ مشکوک حالات میں اینٹوں کی بھٹی کے قریب مردہ پائے گئے ۔انہوں نے کہا کہ سلبھ سریواستو کے خاندان کے افراد اور صحافی برادری نے اس معاملے کو سی بی آئی تحقیقات کروانے اور حقیقت سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر یوگی کو چاہئے کہ وہ اس معاملے کو نوٹس میں لیں اور اس واقعے کی تحقیقات اور متاثرہ افراد کے اہل خانہ کو مالی امداد کا اعلان کریں۔
چیف منسٹر کو لکھے گئے خط میں پرینکاگاندھی نے لکھا ہے کہ ریاست میں متعدد مقامات پر زہریلی شراب سے ہونے والی اموات کی اطلاعات آرہی ہیں۔ علی گڑھ سے پرتاپ گڑھ تک زہریلی شراب کی وجہ سے سینکڑوں افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ ایسی صورتحال میں ، کسی صحافی کو شراب مافیا کی طرف سے خبریں دینے کی دھمکی دیئے جانے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست میں قانون کی حکمرانی ختم ہوچکی ہے ۔ لہذا ریاست میں شراب مافیا اور انتظامیہ کے گٹھ جوڑ کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ۔انہوں نے لکھا کہ ماضی میں ریاست میں بلیا ، اناؤ سمیت متعدد مقامات پر صحافیوں پر حملہ کیاگیا ہے ۔ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاستی حکومت کا کام ہے ۔ امید ہے کہ آپ آنجہانی سلبھ سریواستو کے اہل خانہ کوانصاف کے لئے مثبت اقدامات کریں گے ۔