حیدرآباد۔تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ نے تبدیلی مذہب کے صداقتناموں کی اجرائی کو بحال کرنے کافیصلہ کیا ہے۔وقف بورڈکے شعبہ قضاۃ کی جانب سے نکاح؍طلاق؍خلع کے ساتھ ساتھقبولیت اسلام کے صداقتناموں کی اجرائی عمل میں لائی جاتی ہے اور یہ عمل گذشتہ تقریباً45 برسوں سے جاری تھامگر اچانک بغیر کسی پیشگی اطلاع کے خاموشی کے ساتھ کچھ دنوں سے وقف بورڈ سے رجوع ہونے والے نومسلموں کو تبدیلی مذہب کے صداقتناموں کی اجرائی مسدود کردی گئی تھی۔ وقف بورڈ کے ارباب مسدودی کی بھی وجہ نہیں بتارہے تھے اور انہیں صرف یہ بتایا جارہا تھا کہ چیف ایکزیکٹیو آفیسرکی ہدایت پر صداقتناموں کی اجرائی روک دی گئی ہے، جس کے باعث نو مسلموں کو نکاح کرنے اور پاسپورٹ کے حصول میں دشواریاں پیش آرہی تھیں۔ وائی دِس نیوز پورٹل پر اس خصوص میں خبر کی اشاعت پر بورڈ کے حکام نے صداقتنامے جاری کرنے سے اتفاق کیا۔ اس خصوص میں صدرنشین وقف بورڈ مسٹر محمد سلیم اور چیف ایکزیکٹیوآفیسر مسٹر شاہنواز قاسم نے تبادلہ خیال کیا اور یہ فیصلہ کیا کہ کسی ادارہ کی تصدیق کی بنیاد پر صداقتنامہ قبولیت اسلام جاری کرنے کی بجائے بورڈ بھی اپنے طور پر تنقیح کرتے ہوئے یہ صداقتنامے جاری کرے گا۔ ہنوز یہ طئے نہیں کیا گیا کہ کس طرح وقف بورڈ تنقیح کرے گا۔ وقف بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس خصوص میں وقف بورڈ کے ایک ملازم کو مامور کیا جائے گا۔ یہاں یہ جاننا ضروری ہے کہ کئی ملی ادارے ایسے ہیں جو اسلام قبول کرنے والوں کی شہادت اور ان کے بالغ ہونے کی تصدیق کرنے کے بعدنوٹری حلف نامہ حاصل کرتے ہوئے قبولیت اسلام کا صداقتنامہ جاری کرتے ہیں جس کی اساس پر وقف بورڈ اپنی طرف سے ایک اور صداقتنامہ جاری کرتا ہے جو خانگی اداروں کی جانب سے جاری کئے جانے والے صداقتناموں سے زیادہ معتبر سمجھا جاتا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ گذشتہ دنوں ایک شمالی ریاست کی پولیس کے عہدیدار، وقف بورڈ کے ارباب سے رجوع ہوتے ہوئے صداقتنامۂ قبولیت اسلام جاری کرنے سے متعلق وقف بورڈ کے اختیار کے بارے میں استفسار کئے تھے اور یہ ادعا کیا گیا تھا کہ بورڈ نے ایک لڑکی کے قبولیت اسلام کا صداقتنامہ جاری کیا جبکہ اس لڑکی نے اسلام قبول ہی نہیں کیا تھا جس پر سی ای او نے شعبہ قضاۃ کو ہدایت جاری کی تھی کہ مزید احکام تک صداقتنامہ قبولیت اسلام جاری نہ کئے جائیں حالانکہ ریاستی حکومت نے اس طرح کے صداقتناموں کی اجرائی کا وقف بورڈ کو اختیار دیا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ وائی دِس نیوز کے ذریعہ صداقتناموں کی اجرائی کی مسدودی کے بارے میں پتہ چلنے پر وقف بورڈ کے ایک رکن مسٹر وحید احمد نے صدرنشین وقف بورڈ سے اس مسئلہ پر گفتگو کی اور ان پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر صداقتناموں کی اجرائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔