احمد آباد۔ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسوڈیا نے پیر کو دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے انہیں عام آدمی پارٹی (عآپ ) کو ختم کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ کے عہدے کی پیشکش کی تھی۔یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سسوڈیا نے کہا کہ وہ حیران ہوئے جب ایک شخص ان کے پاس یہ پیغام لے کر آیا کہ ان کے پاس بی جے پی کی طرف سے دو تجاویز ہیں۔عآپ لیڈر نے دعویٰ کیا پیغام دینے والے نے کہا کہ ایک تجویز ہے کہ سی بی آئی ۔ ای ڈی (سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن-انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کے ذریعہ آپ کے خلاف درج تمام بڑے مقدمات واپس لے لئے جائیں گے۔ دوسری پیشکش یہ تھی کہ میں پارٹی توڑتا ہوں اور وہ مجھےچیف منسٹر بنائیں گے۔
سسوڈیا نے کہا کہ میں نے انہیں واضح سیاسی جواب دیا اور کہا کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال میرے سیاسی سرپرست ہیں اور میں نے ان سے سیاست سیکھی ہے۔ میں وزیر اعلی یا وزیر اعظم بننے کے لئے سیاست میں نہیں آیا ہوں۔عآپ کے قومی کنوینر کیجریوال اور سسوڈیا پیر کو گجرات کے دو روزہ دورے پر پہنچے۔ ریاست میں اس سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔
اس دورے کے دوران دونوں عآپ لیڈر ریاست کے نوجوانوں کے ساتھ روزگار اور تعلیم پر بات چیت کریں گے۔ ان کا دورہ دہلی کی ایکسائز پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے ذریعہ سسوڈیا کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج پر جاری تنازعہ کے درمیان آیا ہے۔ کیجریوال اس ماہ چوتھی مرتبہ گجرات کا دورہ کر رہے ہیں۔سسوڈیا نے چند دن قبل یہ بھی کہا تھا کہ جو حالات بنائے گئےہیں اس کے لحاظ سے انہیں دو تین میں گرفتار بھی کیا جائے گا ۔