حیدرآباد ۔ ملازمت انجام دینے والے پروفیشنلز اور انجینئرز کے علاوہ انڈرگریجویٹ میں تعلیم حاصل کر رہے طلبہ جو کہ اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں اسی کے پیش نظر عثمانیہ یونیورسٹی نے اپنے طرز کا پہلا ڈیٹا سائنس پی جی ڈپلومہ کورس متعارف کیا ہے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے متعارف کیا جانے والا یہ کورس دراصل اس مقصد کی تکمیل کرتا ہے کہ جو طلبہ اور خواہشمند افراد ڈیٹا سائنس میں اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے علاوہ ملازمتوں میں ترقی کرنا چاہتے ہیں ان کی ضروریات کو پورا کر سکے ۔
اس کورس کے نصاب کی تیاری میں میں انڈسٹری کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور نصاب کی تیاری میں مارکیٹ کی مانگ اور مستقبل کی ضروریات کو اہمیت دی گئی ہے ۔ اس خصوص میں اظہار خیال کرتے ہوئے عثمانیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ایم رام چندرم نے کہا ہے کہ یہ آن لائن کورس دراصل صلاحیتوں کے فروغ اور ملازمتوں کے حصول کی مناسبت سے تیار کیا گیا ہے ۔ ملازمتیں انجام دینے والے پروفیشنلز اور زیر تعلیم طلبہ اس کورس میں داخلہ کے اہل ہوں گے اور جو افراد اس کورس میں داخلہ لیں گے انہیں کلاسز کے علاوہ پریکٹیکل بھی کروائے جائیں گے ۔
انجینئرنگ فیکلٹی کے علاوہ مارکیٹ کے ماہرین بھی طلبہ کی کلاس سے لینگے جبکہ یونیورسٹی کی جانب سے پہلے ہی چند ویڈیو اسباق بھی تیار کر لیے گئے ہیں۔ یہ پروگرام پروفیسر جی رام ریڈی سنٹر فار ڈسٹنس ایجوکیشن کے تحت سمسٹر کی اساس پر فراہم کیا جارہا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اس پروگرام کا آغاز اگست یا ماہ ستمبر میں ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی گرانٹ کمیشن نے اس کورس کے متعلق چند تفصیلات طلب کی ہیں جس پر ہم نے تفصیلی رپورٹ روانہ کردی ہے اور جلد ہی یو جی سی سے اس کی مسلمہ حےثیت موصول ہوجائے گی ۔
اس کے علاوہ یونیورسٹی نے ڈسٹنس ایجوکیشن میں دو نئے کورسز بھی متعارف کیے ہیں جو کہ ایم اے پبلک ایڈمنسٹریشن اور بی کام کمپیوٹر اپلیکیشن ہیں ۔ آئندہ تعلیمی سال سے ڈسٹنس ایجوکیشن میں بھی تمام کورسز سمسٹر کی اساس پر فراہم کیے جائیں گے ۔ اس وقت 26 پروگرامس کی تعلیم دی جاتی ہے جس میں سے صرف ایم بی اے اور پی جی ڈپلومہ ان کمپیوٹر اپلیکیشن ہی وہ دو کورس ہیں جو کہ سمسٹر کی اساس پر دیئے جارہے ہیں۔