جے پور۔ پنجاب کی ایک عدالت نے حال ہی میں جیل کے احاطے میں قیدیوں کے لیے الگ کمرہ بنانے کا حکم دیا ہے تاکہ وہ اپنے نسب و خاندان کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی شریک حیات کے ساتھ وقت گزار سکیں اس کے بعد راجستھان ہائی کورٹ نے عصمت دری کے مجرم کو اب 15 دن کی پیرول منظور کر لی ہے تاکہ وہ اپنی بیوی کو حاملہ کر سکے۔ہائی کورٹ نے حال ہی میں راہول بگھیل (22) کی رہائی کا حکم دیا، جو ایک نابالغ کی اجتماعی عصمت ریزی کرنے کے جرم میں الور جیل میں پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیکسوئل آفنسز ایکٹ کے تحت 20 سال کی سزا کاٹ رہا ہے، یہ فیصلہ اس لئے لے گیا تاکہ وہ اپنی 25 سالہ بیوی برجیش دیوی کے ساتھ وقت گزار سکے۔بگھیل کو بدھ کو پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ راجستھان میں یہ پہلا فیصلہ ہے جس میں عصمت ریزی کے مجرم کو پیرول دیا گیا ہے۔ راجستھان کے پیرول قوانین کے تحت، عصمت ریزی یا اجتماعی عصمت ریزی کے مجرم کو عام طور پر پیرول نہیں دیا جاتا ہے اور نہ ہی اسے کھلی جیل بھیج دیا جاتا ہے۔لیکن ہائی کورٹ نے برجیش دیوی کی طرف سے عورت کے آئینی حقوق کو ذہن میں رکھتے ہوئے نسب کے تحفظ کے مقصد سے پیرول پر اپنے شوہر کی رہائی کے لیے دائر درخواست کو قبول کرلیا۔برجیش دیوی نے 13 جولائی کو الور ضلع عدالت میں ہنگامی پیرول کی درخواست دائر کی تھی، جس میں بچہ پیدا کرنے کے اپنے بنیادی اور آئینی حق کا حوالہ دیا گیا تھا۔
ایک ہفتہ کے بعد 20 جولائی کو اس نے بگھیل کے لیے 30 دن کی پیرول کا مطالبہ کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھالیکن ہائی کورٹ نے بگھیل کو 15 دن کے لیے پیرول پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ بیوی کو حاملہ ہونے یا جوڑے کو بچہ پیدا کرنے سے روکنا آئین کے آرٹیکل 14 اور 21 کی روح کے منافی ہے۔جسٹس سندیپ مہتا اور سمیر جین پر مشتمل ہائی کورٹ کی ڈبل بنچ نے اولاد کی کمی کی بنیاد پر راجستھان کے قیدیوں کو پیرول رولز پر رہا کرنے کے رول 11 (1 (iii) کے تحت درخواست کو قبول کیا۔
حیرت انگیز طور پر، ہائی کورٹ نے اس حقیقت کو نظر انداز کیا کہ قیدی پوکسو ایکٹ کے تحت 20 سال کی سزا کاٹ رہا ہے، جس کے تحت عصمت ریزی یا اجتماعی عصمت ریزی کے مجرم کو عام طور پر پیرول یا کھلی جیل نہیں بھیجا جاتا ہے۔بگھیل کو الور پوکسو عدالت نے 13 جون 2020 کو 2019 میں الور ضلع کے ہانی پور میں ایک 16 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی کرنے کے الزام میں 20 سال قید کی سزا سنائی تھی۔