حید رآباد۔ شہر حیدرآباد میں غیرمجاز تعمیرات اور عمارتوں کے خلاف سخت ترین اقدامات کرنے کے لیے گریٹر حیدرآباد مونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) نے عصری ٹیکنالوجی کا راستہ اختیار کرلیا ہے ،جس کی مدد سے جی ایچ ایم سی نے ایک ایپ متعارف کیا ہے جس کے ذریعے وہ عوام کی مدد حاصل کرتے ہوئے نہ صرف شہر میں غیر مجاز عمارتوں اور تعمیرات کی روک تھام کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے بلکہ اپنے محلے میں ہونے والی غیر مجاز تعمیرات کی تفصیلات جی ایچ ایم سی کو فراہم کرنے والے شہری کی شناخت بھی پوشیدہ رکھی جائے گی۔
جی ایچ ایم سی کی جانب سے ان آتھوراز کنسٹرکشن انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (یو سی ای ایم ایس ) ایپ متعارف کیا ہے اور عوام اس ایپ کوکسی بھی اسمارٹ فون میں ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں ۔ اس ایپ کے ذریعے شہری اپنے محلے اور علاقے میں ہونے والی غیر مجاز تعمیرات اور عمارت کی تصویر لیتے ہوئے اسے اپلوڈ کر سکتے ہیں جس کے بعد جی ایچ ایم سی کے حکام غیر مجاز تعمیرکےخلاف اقدامات کریں گے ۔
جی ایچ ایم سی کے ایڈیشنل کمشنر ( آئی ٹی ) مشرف علی فاروقی نے کہا ہے کہ مذکورہ ایپ کے ذریعے جی ایچ ایم سی شہریوں اور اپنے ٹاؤن پلاننگ ونگز کے درمیان ایک رابطہ قائم کرنا چاہتا ہے جس کے ذریعے عوام اپنے محلے میں غیر مجاز تعمیرات اور عمارتوں کی تصویر اور مقام کا نام جیسے ہی اپلوڈ کریں گے متعلقہ عہدے دار اس کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد شکایت کردہ مقام اور عمارت کا معائنہ کرتے ہوئے اس کے مالک کو تفصیلات فراہم کرنے کے لئے نوٹس جاری کریں گے اور اگر تعمیراتی کام یا عمارت غیرمجاز قرار پائی تو پھر اسے منہدم کر دیا جائے گا ۔
ایڈیشنل کمشنر مشرف علی فاروقی نے مزید کہا کہ یو سی ای ایم ایس استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو کسی بھی قسم کا خوف کھانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ ایپ محفوظ ہونے کے علاوہ اس کے ذریعے جس مقام یا عمارت کی شکایت کی جائے گی اس کی شکایت کرنے والے شہری کی شناخت پوشیدہ رکھی جائے گی جس سے یہ معلوم نہیں ہو پائے گا کہ غیرمجاز عمارت یا تعمیرات کے خلاف کس شہری نے شکایت کی ہے۔ عوام کی مدد سے غیرمجاز تعمیرات اور عمارتوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے میں جی ایچ ایم سی کے ٹاؤن پلاننگ شعبہ کو کافی فائدہ حاصل ہوگا کیونکہ محکمہ میں عملے کی مطلوبہ تعداد نہ ہونے کی وجہ سے ہر غیر مجاز عمارت تک جی ایچ ایم سی کی رسائی ممکن نہیں ہو رہی ہے ۔
اب امید کی جارہی ہے کہ عوام جب خود اپنے محلے کی غیر مجاز تعمیرات اور عمارتوں کی تفصیلات حکام کو فراہم کریں گے تو جی ایم سی کا کام آسان ہوگا کیونکہ عام طور پر ٹاؤن پلاننگ ونگز غیرمجاز تعمیرات اور عمارتوں کے مالکان کے خلاف تین نوٹس جاری کرتا ہے لیکن عام طور پر ایک ہی نوٹس عمارت کے مالک تک پہنچ پاتی ہے جبکہ دیگر دو نوٹس مختلف وجوہات کی بناء پر متعلقہ فرد تک نہیں پہنچتی ۔ امید کی جارہی ہے کہ یو سی ای ایم ایس ایپ اورعوام کے تعاون سے اب یہ جی ایچ ایم سی کا غیر مجاز تعمیرات اور عمارتوں کے خلاف انہدامی کارروائی آسان ہو گئی۔