گروگرام ۔ یہاں مانیسر میں ماروتی سوزوکی پلانٹ کے احاطے میں تیندوے کے دیکھے جانے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور وہ ابھی تک آزاد ہے، ایک سینئر فارسٹ آفیسر نے بتایا کہ جنگلی جانور کے اس احاطہ میں موجودگی اور ابھی تک آزاد گھومنے کی وجہ سے عوام میں خوف ہے ۔جانور کو پہلی بار فیکٹری میں چہارشنبہ کی صبح تقریباً 7.15 بجے ایک کارکن نے دیکھا جس نے الارم بجایا۔ فیکٹری میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں جانور کی تصاویر بھی قید ہوگئیں ہیں ۔جب تیندوے کو دیکھا گیا تو کارکنان، گارڈز اور ٹرانسپورٹرز سمیت کئی لوگ اندر موجود تھے۔
اس کے حملے کے خوف سے انتظامیہ نے فوری طور پر کارکنوں اور دیگر کے لیے حفاظتی ہدایت جاری کی ہیں۔محکمہ جنگلات کے عہدیدار نے بتایا کہ پولیس مقام پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ محکمہ جنگلات کے عہدیدار جانور کو بچانے کے لیے وہاں پہنچ گئے۔آئی ایم ٹی مانیسر کے ایس ایچ او انسپکٹر سبھاش نے آئی اے این ایس کو بتایا سی سی ٹی وی فوٹیج میں تیندوے کو کاسن گاؤں کے ایک گائے کی پناہ گاہ سے فیکٹری کے اندر آتے دیکھا گیا جو فیکٹری سے ملحق ہے۔
ایس ایچ او نے کہا پولیس کو چہارشنبہ کی صبح تقریباً 7.25 بجے کال موصول ہوئی اور ہم نے فوری طور پر جنگلات کے عہدیداروں کو آگاہ کیا لیکن 2-3 گھنٹے کے طویل تلاشی کارروائی کے بعد ہم جنگلی جانورکو نہیں ڈھونڈ سکے، شاید تیندوا فیکٹری سے چلا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پیداوار متاثر نہیں ہوئی کیونکہ جس علاقے میں جانور دیکھا گیا تھا وہ مینوفیکچرنگ علاقہ سے بہت دور تھا۔محکمہ جنگلات کی ایک ٹیم نے علاقے کا معائنہ کیا لیکن فیکٹری میں تیندوے کو نہیں پایا ممکن ہے کہ وہ فیکٹری چھوڑکر اراولی کے علاقے میں واپس چلا گیا ہو۔ یہ علاقہ جنگلاتی ٹیم کی نگرانی میں ہے۔ احتیاط کے طور پرہم نے جانوروں کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹرانکوئلائزرتیاررکھے ہوئے ہیں ۔