Saturday, September 14, 2024
Homeٹرینڈنگمانسون کمزور پڑنے سے کئی ریاستوں میں سیلاب کے بعد کسی قدر...

مانسون کمزور پڑنے سے کئی ریاستوں میں سیلاب کے بعد کسی قدر راحت

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ پنجاب سمیت شمال مشرقی علاقے میں اگلے کچھ دنوں تک جنوب مغربی مانسون میں کمی آنے سے شدید بارش کے آثار کم ہی ہیں لیکن کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے ۔ اڈیشہ ،جھارکھنڈ،مشرقی راجستھان،مدھیہ پردیش، ویدربھ،چھتیس گڑھ اور کیرالہ میں مانسون میں اب بھی تیزی ہے جبکہ اروناچل پردیش،آسام،میگھالیہ،مغربی بنگال کے پہاڑی علاقوں،سکم ،بہار،مغربی راجستھان ،تلنگانہ اور جنوبی اندرونی کرناٹک میں مانسون کمزور پڑگیاہے ۔

اگلے 12گھنٹے کے دوران گجرات علاقے میں مختلف مقامات پر تیز بارش اور اولے گرنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس کے ساتھ ہی انڈمان نکوبار جزائر ،اوڈیشہ ،مشرقی راجستھان اور مغربی مدھیہ پردیش میں مختلف مقامات پر شدید اور بہت شدید بارش بھی ہوسکتی ہے ۔مغربی بنگال میں گنگا کے ساحلی علاقے ،جھارکھنڈ ،مغربی اترپردیش ،اتراکھنڈ،ہماچل پردیش،مغربی راجستھان،مشرقی مدھیہ پردیش،سوراشٹر،کچھ،وسطی مہاراشٹر،ویدربھ،چھتیس گڑھ،ساحلی آندھرا پردیش اور یانم،تمل ناڈو،پدوچیری،تمل ناڈو،کرائی کل،ساحلی کرناٹک،کیرالہ اور ماہے کے الگ الگ حصوں میں اس دوران بارش ہونے کے آثار ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چار دنوں میں شمال مغربی علاقے میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے ۔ہماچل پردیش میں کچھ مقامات پر بادل پھٹنے سے کافی نقصان ہوا ہے اور شملہ قومی شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہے ۔ریاست میں ابھی ندیاں اور نالے طغیانی پر ہیں اور عام لوگوں کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔سینکڑوں لنک اور ریاستی راستے بند پڑے ہیں۔

پنجاب میں پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہوئی جس سے سیلاب متاثرہ علاقوں کو راحت ملی۔ان علاقوں میں ابھی تک کئی فٹ پانی بھرا ہواہے ۔ہماچل میں شملہ سمیت ریاست کے کئی حصوں میں بادل پھٹنے اور جم کر بارش ہونے سے متعدد مقامات پر تودے گرنے کی وجہ سے روڈ ٹریفک منگل کو بھی متاثر رہا۔چمبا ضلع میں شدید بارش سے بھرمور اور ہڑسر کے درمیان ایک پلیا بہہ گئی جس سے منی مہیش یاترا روک دی گئی ہے ۔منی مہیش یاترا پر آئے سیکڑوں عقیدت مند ہڑسر کے نزدیک پھسے ہیں۔موصول اطلاع کے مطابق اتوار کی دیررات ہوئی موسلہ دھار بارش سے بھرمور ۔ منی مہیش راستے پر پرنالا کے نزدیک پلیا بہہ گئی۔اس کی وجہ سے راستہ بند ہوگیا جس سے عقیدت مندوں کو رات بارش میں گزارنی پڑی۔شملہ ضلع کے رام پور میں آخری پنچایت بدھال کے جنگل میں بادل پھٹنے سے وسیع پیمانے پر نقصان ہوا ہے ۔

رام پور کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابھیمنیو ورما نے بتایا کہ بادل پھٹنے کے حادثے میں دھرالی کے رہنے والے درگا نند کے چار منزلہ مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔وہیں درگا نند کی ایک کار سیلاب میں بہہ گئی۔سڑک کے کنارے کھڑی تقریباً 10گاڑیاں بھی ملبے سے تباہ ہوئی ہیں حالانکہ کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ تودے گرنے سے قومی شاہراہ 5 بھی بند ہوگئی تھی،جسے دن میں 11بجے بحال کردیاگیا۔