Sunday, June 8, 2025
Homeٹرینڈنگمانو میں امریکی قونصل خانہ کے تعاون سے انگریزی کورس کا اختتام۔...

مانو میں امریکی قونصل خانہ کے تعاون سے انگریزی کورس کا اختتام۔ طلبہ میں سرٹیفکیٹس کی تقسیم

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں جاری 148انگریزی بول چال147 کورس کے اختتام پر کل شام تقریب تقسیم اسناد کا اہتمام کیا گیا۔ 8 ہفتوں پر مشتمل اس مختصر مدتی کورس کا امریکی قونصل خانہ، حیدرآباد کے تعاون سے انعقاد عمل میں آیا۔ محترمہ رابن وی کیتھی، انگلش لینگویج فیلو، ریجنل انگلش لینگویج آفس ای ایل او، امریکی قونصل خانہ حیدرآباد اس کورس کی ٹرینر تھیں۔

پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر نے جن کی خصوصی دلچسپی سے اس کورس کا اہتمام کیا گیا تھا نے ٹرینر محترمہ رابن کیتھی کی کاوشوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کورس میں مدرسہ کے طلبہ کی شمولیت پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ بھی مدرسے کے طلبہ کو موقع دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت سی سلیکشن کمیٹیوں میں رہے ہیں۔ اکثر امیدوار انگریزی بول چال میں کمزور ہوتے ہیں۔ جب وہ مانو آئے تو ان کا خواب تھا کہ یہاں کے طلبہ کی انگریزی بول چال کو بہتر بنائیں، اس کورس کے ذریعہ وہ اپنے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کورس مکمل کرنے والے طلبہ کو مشورہ دیا کے وہ انگریزی بول چال کی مشق جاری رکھیں تاکہ اس میں مزید نکھار آسکے۔

جناب آکاش سوری، کارگزار پبلک افیئرس آفیسر، امریکی قونصل خانہ، حیدرآباد، نے کہا کہ زبانوں کا سیکھنا روزگار کے حصول میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ ان کی خود کی نوکری زبانیں سیکھنے کی وجہ سے ہے۔ وہ خود جاپانی ، بنگالی و دیگر زبانیں سیکھ چکے ہیں اور اب مالے زبان سیکھ رہے ہیں۔

پروفیسر سید محمد حسیب الدین قادری، کوآرڈینیٹر کورس نے کہا کہ کسی دوسری زبان کو سیکھنا مشکل کام ہے۔ لیکن طلبہ نے امریکی استاد محترمہ رابن کیتھی کی نگرانی میں بہت جلد کافی کچھ سیکھ لیا ہے۔ زبان کئی نظاموں کا مجموعہ ہوتی ہے۔ صوتیاتی نظام، جملے کا نظام، جملوں کے ادا کرنے کے انداز کا نظام وغیرہ اس میں شامل ہیں اور بول چال کے دوران ان تمام پر توجہ دینی پڑتی ہے تبھی آپ بہتر طور پر کسی زبان میں اپنے مافی الضمیر کو دوسروں تک پہنچا پاتے ہیں۔

محترمہ رابن وی کیتھی نے اُنہیں طلبہ کی تربیت کا موقع فراہم کرنے پر اردو یونیورسٹی اور امریکی قونصل خانہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ نے سیکھنے میں کافی تیزی دکھائی۔ طلبہ یاسر راشد، محمد عادل خان، سائمہ مسعود نے تربیت کے تعلق سے تاثرات ظاہر کیے۔ کورس میں حصہ لینے والے 77 طلبہ میں اسناد تقسیم کیے گئے۔

ڈاکٹر محمد یوسف خان، انچارج ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ سیل نے ابتداءمیں قرآن کی تلاوت و ترجمہ پیش کیا اور کارروائی چلائی۔ جناب سنتھل کمار، اسسٹنٹ کلچرل افیئرس آفیسر امریکی قونصل خانہ، حیدرآباد نے شکریہ ادا کیا۔