دبئی۔ متحدہ عرب امارات میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران شادی کی تقریب منعقد کرنے کے لیے آن لائن خدمات کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ نوجوان جوڑے کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے شادی کے بندھن میں بندھ سکیں۔امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اماراتی وزارت برائے انصاف کے حوالے سے کہا ہے کہ شہری آن لائن نظام کے ذریعے شادی کی تاریخ لیں گے اور ضروری کاغذات متعلقہ ادارے کے پاس جمع کروائیں گے، جس کے بعد ویڈیو لنک کے ذریعے جوڑے کا نکاح پڑھوایا جائے گا۔
نکاح کے خواہش مند جوڑے کی جانب سے جمع کروائے گئے کاغذات کے مطابق جوڑے اور گواہوں کی شناخت کی تصدیق کریں گے۔ نکاح کی آن لائن تقریب کے بعد خصوصی عدالت نئے شادی شدہ جوڑے کو اسنادجاری کر دے گی، جس کی تصدیق موبائل پر بھیجے گئےپیغام سے ہوجاتی ہے۔اماراتی سرکاری ایجنسی کے مطابق آن لائن خدمات کا مقصد شہریوں کی ذہنی صحت کو برقرار رکھنا اور عدالتوں میں کم سے کم عہدیداروں کی موجودگی کو یقینی بنانا ہے۔دبئی میں شادی کی تقریب اور طلاق سے متعلقہ قانونی کاروائیاں معطل رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جس کے بعد شادی کے لیے تو آن لائن خدمات کا آغاز کر دیا گیا ہے لیکن طلاق کے معاملات سے نمٹنے کے لیے کوئی لائحہ عمل واضح نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ عرب امارات نے وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے سخت حفاطتی تدابیراپنائی ہیں۔ شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر سخت پابندی ہے۔ دبئی میں بھی تمام مالز، اسکولس، دفاتر اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ صرف غذا یا دوائیوں کے پیشے سے منسلک افراد کو گھروں سے نکلنے کی اجازت ہے۔امارات میں اب تک ساڑھے تین ہزار سے زائد کورونا کے مصدقہ معاملات سامنے آچکے ہیں جبکہ 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔