ڈھاکہ ۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر بنگلہ دیش میں بابائے قوم مجیب الرحمن کی پیدائش کی صدی کے موقع پر منعقد ہونے والے مجیب سال کی عظیم الشان افتتاحی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کا ڈھاکہ دورہ بھی منسوخ ہوگیا ہے۔مجیب سال کی تقریب کے لیے قومی کمیٹی کے اہم کوآرڈینیٹر کمال عبدالنصر چودھری نے کہا ہے کہ مسٹر مودی سمیت مختلف ممالک کے سربراہوں کو 17 مارچ کو ہونے والے اس پروگرام کے لیے مدعو کیا گیا تھا لیکن کورونا وائرس کے پھیلنے کے سبب پیدا ہونے والےموجودہ حالات کے درمیان بہت سی غیر ملکی شخصیات نے اپنا دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے پروگرام کی تاریخوں کا تعین ہوتے ہی انھیں دوبارہ مدعو کیا جائے گا۔ مجیب سال کی یاد میں سال بھر چھوٹے پیمانے پر پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے۔ سیکرٹری خارجہ ہرش وردھن شرنگلا نے مودی کے دورے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے حال میں ڈھاکہ کا دورہ بھی کیا تھا۔یہ افتتاحی تقریب نیشنل پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہونے والی تھی اور اس کے ساتھ ہی پورے سال چلنے والے پروگراموں کا انعقاد شروع ہونے والا تھا۔ ڈاکٹر چودھری نےکہا کہ افتتاحی تقریب کے علاوہ جو پروگرام ہوں گے، ان میں بڑے پیمانے پر عوام کی موجودگی سے بچا جائے گا۔
غور طلب ہے کہ بنگلہ دیش میں اتوار کو کورونا وائرس کے پہلے تین معاملات سامنے آ چکے ہیں۔ طبی جانچ کے دوران ایک ہی خاندان کے دو مرد اور ایک عورت میں کورونا وائر س مثبت پایا گیاہے۔ متاثرین میں سے دو اٹلی سے واپس آئے ہیں جبکہ مزید ایک اور ڈھاکہ میں ان کے خاندان کا رکن ہے۔