مدینہ: مدینہ منورہ گورنریٹ نے کہاہے کہ تمام بیرونی ممالک سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے لیے مناسب رہائش کا بندوبست کردیاگیا۔واضح رہے کہ گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے حکم دیا کہ مدینہ منورہ میں بیرونی ممالک سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی رہائش کے مسائل حل کیے جائیں۔ ورکرز کیمپس میں حد سے زیادہ بھیڑ ختم کی جائے۔مختلف مقامات پر کارکنان کے لیے مناسب اور موزوں رہائش کا بندوبست کیا جائے۔
مدینہ گورنریٹ نے ورکرزکو مناسب رہائش فراہم کرنے کے لیے مخصوص کمیٹی قائم کی تھی جسے یہ مہم تفویض کی گئی تھی کہ وہ رمضان ختم ہونے سے پہلے ملازمین کی رہائش کا مسئلہ ہنگامی بنیادوں پر حل کرائے۔ملازمین کی رہائش کے لیے قائم کمیٹی کے ممبران نے مسجد نبویﷺ کے اطراف میں واقع ہوٹلوں میں بیرونی ممالک سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو عارضی رہائش فراہم کی۔اسی دوران شہر میں مختلف مقامات پر ایسی رہائشی عمارتوں کا بندوبست کیا گیاجہاں حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی ہورہی تھی اور نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر سماجی فاصلے کی پابندی بھی ہورہی تھی۔
مدینہ منورہ گورنریٹ نے کورونا وائرس سے متاثرملازمین کے علاج کا بھی بندوبست کروایا جبکہ تمام کارکنان کی صحت نگہداشت کا بھی بندوبست کیا گیا۔ملازمین کو مناسب رہائش فراہم کرانے میں وزارت بلدیات و دیہی امو ر نے بھی حصہ لیا۔ وزارت بھی متعدد کمیٹیاں قائم کیے ہوئے ہے جو ملازمین کیمپس میں حد سے زیادہ ٹھہرائے گئے کارکنان کو مناسب جگہ منتقل کرا رہی ہیں۔