Tuesday, June 10, 2025
Homeٹرینڈنگمرغے نے انسانوں کے خلاف عدالت میں مقدمہ جیت لیا

مرغے نے انسانوں کے خلاف عدالت میں مقدمہ جیت لیا

- Advertisement -
- Advertisement -

پیرس ۔ مرغا عدالت میں مقدمہ جیت گیا ۔یہ سننے میں بھی عجیب لگتا ہے لیکن حقیقیت میں ایسا ہی کچھ ہوا ہے جہاں عدالت نے مرغے کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا ہے۔دنیا بھر میں دیہی علاقوں میں بسنے والے افراد علی الصبح مرغوں کی جانب سے بانگ دیے جانے کی فطرت سے واقف ہوں گے اور کچھ دیہاتی لوگ تو مرغوں کی بانگ سے ہی نیند سے بیدار ہوتے ہیں۔

تاہم دنیا میں کچھ ایسے افراد بھی موجود ہیں جو مرغوں کی جانب سے علی الصبح دی جانے والی بانگ سے بیزار بھی ہیں اور وہ مرغوں کی ایسی فطرتی عادت کو اپنی نیند میں خلل تصور کرتے ہیں۔ایسا ہی کچھ فرانس کے ایک جوڑے کو بھی محسوس ہوا اور انہوں نے علی الصبح بانگ دینے والے مرغے کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائرکردیا۔تاہم عدالت نے چند سماعتوں اور وکلاء کے درمیان زبردست بحث کے بعد انسانوں کے بجائے مرغے کے حق میں فیصلہ دے کر فطرت میں مداخلت نہیں کی۔

تفصیلات کے مطابق فرانس کے ایک معمر جوڑے نے ایک مرغے اور اس کے مالکان پر محض اس لیے مقدمہ دائر کردیا تھا کہ مرغا علی الصبح بانگ دیتا تھا جس سے ان کی نیند خراب ہوتی تھی۔شکایت کرنے والا جوڑا مغربی فرانس کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں چھٹیاں گزارنے گیا تھا، جہاں ان کے پڑوسیوں کا مرغا علی الصبح بانگ دیتا تھا۔چھٹیاں گزارنے کے لیے جانے والے جوڑے نے علی الصبح مرغے کی بانگ سے تنگ آکر مرغے اور مالکان کے خلاف مقامی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا اور دعویٰ کیا کہ مرغے کی بانگ سے ان کی نیند میں خلل پڑا۔

مقامی عدالت میں مقدمہ  کی چند سماعتیں ہوئیں اور مرغے کے مالکان نے بھی مقدمہ  کا دفاع کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ بانگ دینا مرغے کی فطرت میں شامل ہے اور اسے علی الصبح بانگ دینے سے نہیں روکا جا سکتا۔اس مقدمہ کو فرانس کی میڈیا میں شاندار ماضی کی دیہی زندگی اور جدید زندگی کے طور پر شائع کیا گیا، ساتھ ہی مقدمہ  کو عدالت لے جانے والے سیاح جوڑے اور مقامی افراد کو شہری اور دیہاتی لوگوں کے طور پر رپورٹ کرکے موازنہ کیا گیا۔

عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد کو مرغے اور اس کے مالکان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ مرغے کو علی الصبح بانگ دینے سے نہیں روکا جا سکتا۔عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں مرغے کی جانب سے علی الصبح بانگ دینے کو فطرت سے تشبیح دی۔مرغے کے حق میں فیصلہ آنے کے بعد اس کے مالکان بہت خوش ہیں اور وہ اپنے فیصلے کو دیہاتی اور فطری زندگی کی جیت قرار دے رہے ہیں۔