مدینہ ۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اعلان کیا ہے کہ مسجد نبویﷺ کے جنوب مغربی صحن میں آب زمزم کی سبیل قائم کی جائے گی۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق دنیا بھر سے سعودی عرب آنے والے زائرین مملکت پہنچنے کے بعد آب زمزم پینے کے مشتاق ہوتے ہیں۔ سعودی حکومت نے مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں جگہ جگہ آب زمزم کی سبیلیں قائم کررکھی ہیں۔ اسی کے علاوہ آب زمزم کے کولر بھی رکھے گئے ہیں ان میں ٹھنڈے پانی اور سادہ پانی کے کولر بھی ہوتے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں شاہ عبداللہ کے نام سے منسوب آب زمزم کی عظیم الشان سبیل24گھنٹے بارہ مہینے زائرین کا خیر مقدم کرتی ہے۔
ڈاکٹر السدیس نے توجہ دلائی ہے کہ مسجد نبویﷺ کے جنوبی صحن میں آب زمزم کی سبیل قائم کرنے کی تیاریاں ہوگئی ہیں۔ یہ کام انتظامیہ کے ماتحت انجینیئر، تکنیکی امور کے ماہر اور دیگر کارکن انجام دیں گے۔
معاون سیکریٹری سربراہ انتظامیہ انجینیئر فیصل بن محمد الجہنی نے کہا ہے کہ آب زمزم کی سبیل 330مربع میٹر کے رقبے پر قائم کی جائے گی۔ اس کا مقصد مسجد نبویﷺ شریف کے زائرین کو 24گھنٹے آب زمزم کی نعمت سے فیض یاب کرنا ہے۔
الجہنی نے مزید کہا کہ آب زمزم کی نئی سبیل میں جدید ٹکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ پانی کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تدابیر سائنٹفک بنیادوں پر کی جائیں گی۔یاد رہے کہ مسجد نبویﷺ میں زائرین کے لیے آب زمزم کے کولر کا انتظام ہے تاہم بڑے پیمانے پر اسکی سبیل پہلی مرتبہ قائم کی جارہی ہے۔