احمد آباد۔ سید مشتاق علی ٹی20 ٹورنمنٹ کی تمام آٹھ ناک آؤٹ ٹیموں کی کورونا ٹسٹ رپورٹ منفی آئی ہے ۔ وہ فی الحال احمد آباد میں قرنطینہ میں ہیں۔ مشتاق علی ٹرافی کے ناک آوٹ مقابلے26 تا31 جنوری تک کھیلے جائیں گے ۔ ٹورنمنٹ کے لیگ میچز 10 سے 19 جنوری تک کھیلے گئے تھے ۔سید مشتاق علی ٹورنمنٹ میں کرناٹک ، پنجاب ، تمل ناڈو ، ہماچل پردیش ، ہریانہ ، بڑودہ ، بہار اور راجستھان سے 20 جنوری کو ناک آؤٹ میچوں میں شرکت کے لئے احمد آباد پہنچیں۔
یہاں پہنچنے پر گجرات کرکٹ اسوسی ایشن (جی سی اے ) اور بعد میںبی سی سی آئی نے دوبار ٹیموں کا کورونا ٹسٹ کروایا ، جس میں تمام ٹیمیں وائرس سے محفوظ پائی گئیں۔جی ایس اے کے عہدیداروں نے کہا کہ موٹیرا اسٹیڈیم میں میچ کے عہدیداروں اورگراونڈ عملہ کے ساتھ تمام کھلاڑی قرنطینہ میں ہیں۔ سبھی کی کورونا رپورٹ منفی آئی ہے ۔ ناک آوٹ میچ26 سے 31 جنوری تک کھیلے جائیں گے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ چیتن شرماکی سرپرستی میں نومنتخب سینئر سلیکشن کمیٹی بھی ناک آؤٹ میچوں کا مشاہدہ کرسکتی ہے ۔ سلیکٹرز کے لئے ایک رابطہ عہدیدار بھی مقرر کیا گیا ہے ۔کوارٹر فائنل :پہلا کوارٹر فائنل26 جنوری کوکرناٹک بمقابلہ پنجاب ، دوسرا کوارٹر فائنل تمل ناڈو بمقابلہ ہماچل پردیش تیسرا کوارٹر فائنل27 جنوری ہریانہ بمقابلہ بڑوڈا چوتھا کوارٹر فائنل بہار بمقابلہ راجستھان ہوگا۔