نئی دہلی : مرکزی وزیر سنتوش گنگوار نے بے روزگار نو جوانوں کے بارے میں ایک بڑا بیان دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ملازمتوں کی کوئی کمی نہیں ہے،لیکن قابل نو جوانوں کی کمی ہے۔سنتوش گنگوار بریلی میں ایک پروگرام میں شرکت کے دوران یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک میں ملازمتوں کی کو ئی کمی نہیں ہے،لیکن شمالی ہندوستان کے نو جوانوں میں یہ صلاحیت نہیں ہے کہ وہ انہیں روزگار مہیاکیا جا سکے۔انکا کہنا ہے کہ ہم اسی وزارت کا کام سنبھا ل رہے ہیں،اسی لئے مجھے معلوم ہے کہ ملک میں ملازمتوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔بلکہ جو کمپنیاں ملازمت دینے آتی ہیں ان کا کہنا ہوتا ہے کہ ان نوجوانوں میں صلاحیت ہی نہیں ہے۔
واضح ہوکہ ملک کے بے روزگار نو جوانوں کے تعلق سے کانگریس پارٹی،حکومت پر تنقیدی حملہ کرتی رہی ہے۔کچھ عرصہ پہلے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے آٹو سیکٹر کے بحران سے متعلق نریندر مودی حکومت کو نشانہ بنایا تھا۔
انہوں نے اس معاملہ پر حکومت کی خاموشی کو خطر ناک قراردیا تھا۔اور کہا تھا کہ آٹو سیکٹر کے دس لاکھ افراد کی نوکری خطرے میں ہے۔پرینکا نے الزام لگایا تھا کہ روزگار کو تباہ کرنے،کاروبار کو کمزور کرنے اور معیشت کو توڑنے والی پالیسیوں پر بی جے پی حکومت کی خاموشی سبس سے زیادہ خطرناک ہے۔
اب سنتوش گنگوار کا بیان سامنے آیا ہے،جس میں انہوں نے سیدھا نوجوانوں کی قابلیت و ان کی صلاحیتوں پر ہی سوال اٹھایا ہے۔اور یہ دعوی کر رہے ہیں کہ ملک میں ملازمتیں ہیں،مگر نوجوانوں میں ہی صلاحیت نہیں ہے۔