Thursday, April 24, 2025
Homesliderممبئی اور دہلی کے دلچسپ خطابی مقابلہ متوقع

ممبئی اور دہلی کے دلچسپ خطابی مقابلہ متوقع

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی: آئی پی ایل 13 کے خطابی میچ میں منگل کو ممبئی انڈینز اور اپنا اعتماد بحال کرنے والی دہلی کیپٹلز کے درمیان زبردست مقابلے کی امید کی جارہی ہے ۔ممبئی اور دہلی آئی پی ایل جدول میں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر رہے اور اب ان دونوں ٹیموں کے درمیان خطابی مقابلہ ہونے جارہا ہے ۔ روہت شرما کی قیادت میں ممبئی کی ٹیم چھٹی مرتبہ فائنل کھیلنے جارہی ہے ان کی پانچویں مرتبہ اس خطاب پر نگاہ ہوگی جبکہ پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچنے والی دہلی اس ٹورنمنٹ میں نیا چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرنا چاہے گی۔

یقینی طور پر فائنل میں ایک دلچسپ ٹکراؤمتوقع ہے کیونکہ شریس ائیرکی زیر قیادت دہلی کی ٹیم پہلی مرتبہ خطاب جیتنے کے لئے سب کچھ داؤپر لگادے گی ۔ ممبئی اب تک اپنی کارکردگی سے دعویدار مانی جارہی ہے لیکن ان کے لئے دہلی کو آسان حریف سمجھنے کی غلطی نہ کرنی ہوگی کیونکہ اتوارکوکوالیفائر 2 میں دہلی نے سن رائزرس حیدرآبادکو17 رنز سے شکست دی حالانکہ اس مقابلہ میں حیدآباد کو کامیابی کا دعویدار مانا جارہا تھا۔ دہلی نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ خطاب جیتنے کا مضبوط دعویٰ پیش کیا ہے ۔

ممبئی نے پہلے کوالیفائر میں دہلی کو آسانی سے57 رنز سے شکست دی۔ ممبئی کے 200 رنزکے جواب میں دہلی کی ٹیم فائنل میں143 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی لیکن اب فائنل میں جانے والی ٹیم کو نیا اعتماد ملا ہے اور وہ ممبئی سے مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔ آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن کا فائنل کل دفاعی چمپئن ممبئی انڈینز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔ روہت شرما کی کپتانی میں ممبئی کے پاس اپنے پرفیکٹ11 کے ساتھ ریکارڈ5 ویں مرتبہ خطاب جیتنے کا موقع ہے ۔ اسی کے ساتھ ہی شریئس آئیر کی کپتانی میں دہلی کی نظریں بھی اپنے پہلے خطاب پرمرکوز ہیں ۔ ٹیم کے اوپنر شکھر دھون نے لگاتار2 سنچریاں اسکور کی ہیں۔ وہ ایسا کرنے والے لیگ میں پہلے بیٹسمین ہیں۔

سیزن میں دہلی کی طاقت بولنگ رہی ہے ۔ ٹیم کو چمپین بنانے کے لئے بولروں کو ممبئی کے پرفیکٹ 11 پر قابو پانا ہوگا۔ ممبئی کے پلئینگ11 میں8 ویں نمبر تک بیٹسمینس ہیں جو کسی بھی بولنگ کو زیر کرسکتے ہیں ۔ بیٹنگ لائن اپ میں روہت شرما ، کوئنٹن ڈی کاک اور سوریا کمار یادو موجود ہیں۔ آل راؤنڈر میں ہاردک اورکرونال پانڈیا کے علاوہ کیرون پولارڈ اور ناتھن کولٹر نائل شامل ہیں۔
اسی کے ساتھ ہی دہلی میں بیٹنگ کی ذمہ داری شکھر دھون اورکپتان شریس آئیر کے کندھوں پر ہے ۔ دھون ایک سیزن میں500 سے زیادہ رنز بنانے والے تین بیٹسمینوں میں شامل ہیں۔ دھون نے چینائی اور پنجاب کے خلاف لگاتار دو(101) ،) 106) ناقابل شکست سنچریاں اسکور کی ۔اس سیزن کے ٹاپ3 بولروں میں ممبئی کے2 اوردہلی کا ایک نام شامل ہے ۔ اس فہرست میں دہلی کے کیگیسو ربادا29 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ممبئی کے جسپریت بمراہ27 وکٹوں کے ساتھ دوسرے اور ٹرینٹ بولٹ22 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

دبئی میں موسم صاف رہنے کی توقع ہے ۔درجہ حرارت23 اور32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے ۔ پچ بیٹسمینوںکی مدد کر سکتی ہے ۔ یہاں سست وکٹ ہونے سے اسپنرزکو بھی بہت مدد ملے گی۔ ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بیٹنگ کرنا پسند کرے گی۔ اس آئی پی ایل سیزن میں یہاں ہونے والے 15 میچوں میں پہلی بیٹنگ ٹیم کی کامیابی کی شرح زیادہ ہے ۔