نئی دہلی۔ کانگریس کی سابق رکن پارلیمنٹ سشمیتا دیو نے کہا کہ کانگریس چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ انہوں نے عوامی جذبات کے مدنظر کیا ہے لیکن کانگریس پارٹی سے انہیں کوئی شکایت نہیں ہے ۔یہاں ترنمول کے راجیہ سبھا رکن اور ترجمان ڈیرک او برائن کی موجودگی میں سشمیتا دیونے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس چھوڑنے کا فیصلہ ذاتی اسباب سے نہیں تھا بلکہ عوام اور ملک کے تئیں ذمہ داری کی وجہ سے انہوں یہ قدم اٹھایا۔
انہوں نے کہاکہ میں نے بغیر کسی شرط ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیا ر کی ہے ۔ میں اس پارٹی میں آئندہ 30-35برس تک کام کرنا چاہتی ہوں۔ مجھے تنظیم کا کام کرنا اچھا لگتا ہے ۔ ممتا جی جو بھی ذمہ داری دیں گی وہ پوری خودسپردگی کے ساتھ ادا کروں گی۔
سشمیتا دیونے کہاکہ ترنمول کانگریس سپریمو اور چیف منسٹر ممتا بنرجی سے میرے خاندانی تعلقات چالیس برسوں سے ہیں ۔ ممتا بنرجی نے عوامی مفادات سے منسلک کام اور ملک کی ترقی کے تئیں ان کے نظریہ کو سب نے دیکھا ہے ۔ انہوں نے مغربی بنگال میں بہترین انتظامیہ دکھائی ہے ۔ پارٹی کا مستقبل روشن ہے اور بنرجی اور پارٹی کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کی جوڑی رنگ لائے گی۔
سشمیتا دیو نے کہاکہ کانگریس صدر سونیا گاندھی کو سونپے گئے میرے استعفی نامہ میں پارٹی چھوڑنے کی وجہ تحریر ہے ۔ مجھے امید ہے کہ سونیا گاندھی کا آشیرواد مجھے ہمیشہ ملتا رہے گا۔ کانگریس کے سابق راہول گاندھی اور ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری بنرجی کا موازنہ کرنا مناسب نہیں ہے ۔