حیدرآباد ۔ حیدرآبادیو کی ایک بڑی تعداد رات دیر گئے تک جاگتی ہے لیکن کبھی کسی نے یہ نہیں سوچا کہ حیدرآبادی عوام رات کو دیر تک کیوں جاگتے ہیں ، لیکن اس ضمن میں میٹریسز فروخت کرنے والی کمپنی ویک فٹ ڈاٹ کو نے اپنی حالیہ رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ حیدرآبادیوں کے رات بھر جاگنے کی دو اہم وجوہات ہیں جس میں پہلی وجہ موبائل فون اور دوسرا وجہ معاشی مسائل ہے۔
شہر حیدرآباد میں تقریبا دو ہزار افراد کی معلومات اکٹھی کی گئی ہیں جس میں 90 فیصد شرکاء نے اعتراف کیا ہے کہ وہ سونے سے چند لمحے قبل تک بھی اپنے موبائل اور لیپ ٹاپ استعمال کرتے ہیں ۔ 23 فیصد افراد نے نے اپنی مشکلات بتاتے ہوئے کہا کہ مالی پریشانیوں کی وجہ سے انہیں دیررات تک نیند نہیں آتی ۔ اس کے علاوہ سروے میں شرکت کرنے والے ایک تہائی افراد نے کہا ہے کہ وہ سات گھنٹوں سے کم ہی سو پاتے ہیں جبکہ صحت مند زندگی کے لیے کم سے کم 7 گھنٹوں کی نیند ضروری ہے اور اگر یہ نیند مکمل نہ ہو تو پھرلوگ انسومینیا کا شکار ہوتے ہیں جو نیند کی کمی کی وجہ سے پیدا ہونے والا مرض ہے جو آگے چل کر ٹائپ ٹو ذیا بطیس ، موٹاپا ، ذہنی تناؤ اور امراض قلب میں مبتلا کرتا ہے۔
گریٹ انڈیا سلیپ اسکور کارڈ 2019 عنوان کے تحت یہ سروے کیا گیا تھا جس میں واضح کیا گیا ہے کہ حیدرآبادیوں کا دیررات جاگنا موبائل فون اور معاشی پریشانیوں کی وجہ سے ہے لیکن آنے والے چند برسوں میں حیدرآبادیوں میں مختلف امراض کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں کیونکہ وجوہات کچھ بھی ہوں لیکن حیدآباد دیررات تک جاگتا رہتا ہے اورخود کو کئی امراض کا ترنوالہ بنارہاہے۔