Wednesday, April 23, 2025
Homeٹرینڈنگمودی اب چوکیدار نہیں ،ٹوئٹر اکاؤنٹ میں پھر تبدیلی

مودی اب چوکیدار نہیں ،ٹوئٹر اکاؤنٹ میں پھر تبدیلی

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔ عام انتخابات میں این ڈی اے کی حیران  کن کامیابی کے بعد ایک طرف جہاں بی جے پی اور اس کی محلیف جماعتوں میں جشن کا ماحول ہے، وہیں اپوزیشن پارٹیاں اپنی شکست کو قبول کرنے کے لیے مجبور ہو رہی ہیں۔ اسی درمیان وزیر اعظم نریندر  مودی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے  لفظ چوکیدارہٹا دیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ان لوگوں سے بھی اپنے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے چوکیدار لفظ ہٹانے کی گزارش کی ہے جنہوں نے ان کی انتخابی مہم میں شامل ہوتے ہوئے چوکیدار لفظ کا اضافہ کیا ۔

اپنے ٹوئٹ میں مودی نے لکھا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ چوکیدار والے جذبہ کو اگلی سطح تک لے جایا جائے۔ اس جذبہ کو ہندوستان کی ترقی کے عمل میں ہمیشہ برقرار رکھیے۔ چوکیدار لفظ میرے ٹوئٹر سے ہٹ گیا ہے لیکن یہ میرے دل میں ہمیشہ رہے گا۔ آپ بھی اس پر عمل کیجیے۔ نریندر مودی نے اپنے ایک دیگر ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ ہندوستان کی عوام نے چوکیدار بن کر ملک کے لیے ایک بہترین کام کیا ہے۔ چوکیدار اب ایک طاقتور علامت  بن چکا ہے۔

واضح رہے کہ کانگریس صدر راہول گاندھی کے ذریعہ چوکیدار چور ہے نعرہ دیئے جانے کے بعد کافی منصوبہ بند طریقے سے نریندر مودی نے  میں بھی چوکیدار مہم شروع کی تھی۔ اس مہم کے تحت انہوں نے جیسے ہی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر نام میں چوکیدار لفظ کا اضافہ کیا  اس کے فوراً بعد  مودی کابینہ میں شامل کئی وزراء اور بی جے پی قائدین او رکارکنان نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر نام میں چوکیدار لفظ جوڑ لیا تھا۔ حتیٰ کہ بی جے پی قومی صدر امیت شاہ، راج ناتھ سنگھ، اسمرتی ایرانی اور سشما سوراج جیسی لیڈروں نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر چوکیدار لفظ جوڑ لیا تھا۔ اب جب کہ مودی نے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے چوکیدار لفظ ہٹا لیا ہے تو بتدریج دیگر لوگوں کے درمیان بھی یہ سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ امیت شاہ، اسمرتی ایرانی، سشما سوراج اور راج ناتھ سنگھ نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے چوکیدار لفظ ہٹا دیا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے جیسا کہ بی جے پی کے کئی کارکنوں نے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے لفظ چوکیدار کو حذف کرنا شروع کردیا ہے۔