نیویارک ۔ ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی صدر جوبائیڈن کی طرف سے بلائے گئے کواڈ سمٹ میں شرکت کے لیے امریکہ پہنچ گئے ہیں۔ مودی اپنے اس 5 روزہ دورہ امریکہ کے موقع پر مختلف ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔امریکی حکام ، ہندوستانی سفارت کاروں اور ہندوستانی تارکین وطن کے ارکان نے ان کا استقبال کیا جب وہ جوائنٹ بیس اینڈریوز ، واشنگٹن کے باہر ایک فوجی طیران گاہ پر پہنچے جسے وی آئی پیز استعمال کرتے ہیں۔
مودی نے اس موقع پر ٹویٹ کیا واشنگٹن ڈی سی میں ہندوستانی کمیونٹی کا پرتپاک استقبال کے لیے شکرگزار۔ ہمارےابنائے وطن ہماری طاقت ہے۔جمعہ کے روز وہ بائیڈن سے شخصی ملاقات کریں گے ، جوصدر کے طور پر بائیڈن کے انتخاب کے بعد ان کی پہلی ملاقات ہے۔سکریٹری خارجہ ہرشوردھن شرنگلا نے نئی دہلی میں میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ وہ افغانستان میں پیش رفت کے بعد علاقائی سلامتی کی موجودہ صورتحال اور بنیاد پرستی ، انتہا پسندی ، سرحد پار دہشت گردی اور عالمی دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وہ نائب صدر کملا ہیرس سے بھی ملیں گے ، جو جزوی طور پر ہندوستانی ہیں ۔ اس کے علاوہ مودی آسٹریلیا کے وزرائے اعظم اسکاٹ موریسن اور جاپان کے یوشی ہائیڈے سوگا سے بھی ملاقات کریں گے۔بائیڈن ، موریسن اور سوگا کے ساتھ کواڈ سمٹ میں مودی مارچ میں ورچوئل اجلاس کے بعد گروپ کی طرف سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیں گے اور انڈو پیسیفک خطے میں اپنی رسائی کو بڑھانے کا منصوبہ بنائیں گے ، جو امریکی جیو پولیٹیکل حکمت عملی میں اہم بن چکا ہے۔
بائیڈن نے اقوام متحدہ میں منگل کے روز کہا تھا کہ ہم نے آسٹریلیا ، ہندوستان ، جاپان اور امریکہ کے درمیان کواڈ پارٹنرشپ کو بڑھایا تاکہ صحت کی حفاظت سے لے کر آب و ہوا تک کی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز تک کے چیلنجوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔یہ کواڈ کی پہلی شخصی ملاقات ہے۔توقع ہے کہ مودی کاروباری رہنماؤں اورسرمایہ کاروں سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ وہ اپنے میک ان انڈیا اقدام کو آگے بڑھا سکیں۔