جموں۔ وزیر اعظم نریندر مودی28 مارچ بروز جمعرات جموں کے مقام اکھنور میں بی جے پی کی انتخابی ریالی کو مخطاب کریں گے ۔ مودی اس ریالی کے دوران گذشتہ 6 سال کے دوران جموں وکشمیر میں شروع یا پائے تکمیل کو پہنچنے والے ترقیاتی پروجیکٹس کی تفصیلات بھی فراہم کریں گے۔ اس ریالی کا اصل مقصد بی جے پی امیدواروں بالخصوص جگل کشور شرما اور ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے لئے ووٹ مانگنا ہے کیونکہ یہاں بی جے پی کے ان امیدواروں کو سخت مقابلے کا سامنا ہے ۔ جگل کشور شرما پارلیمانی حلقہ جموں جبکہ جتیندر سنگھ پارلیمانی حلقہ ادھم پور کے امیدوار ہیں۔
مودی کی مجوزہ ریالی کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے کہا کہ اکھنور کے دیہات ڈومی نامی میں وزیر اعظم کے جلسے میں2 لاکھ سے زیادہ لوگ شرکت کریں گے اور اس جلسے کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم بننے کے بعد یہ مودی کا 12 واں دورہ جموں وکشمیر ہوگا اور گذشتہ برس ماہ جون میں بی جے پی پی اور ڈی پی حکومت کے اتحاد کے خاتمہ کے بعد یہ وزیر اعظم کا دوسرا دورہ ہوگا۔
مودی کے جلسے کے پیش نظر ڈومی اکھنور میں سیکورٹی کے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پورے ضلع جموں بالخصوص نزدیکی سرحدی علاقوں میں فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ جلسہ گاہ کو چاروں اطراف سے سیکورٹی حصار میں لیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے 24 گھنٹے نگہدیشت کی جارہی ہے ۔
بی جے پی کو یقین ہے کہ جموں اور ادھم پور پارلیمانی حلقے وہ2014 سے بھی زیادہ فرق سے کامیابی حاصل کرے گی ۔مقامی صدر نے کہا کہ ہم جموں کی پارلیمانی نشست پر کم از کم 3 لاکھ جبکہ ادھم پور پارلیمانی نشست پر پانچ لاکھ ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کریں گے ۔