ممبئی ۔ مہاراشٹر میں لوک سبھا کی 10 نشستوں کے لئے جمعرات کو رائے دہی ہوگی اور منگل کی شام انتخابی مہم ختم ہوگئی ہے لیکن مہاراشٹرا میں شدید گرمی سے جہاں چند ایک اموات ہوئی ہیں اور بیسوں افراد دواخانوں میں شریک ہوئے ہیں لہذا رائے دہی کی شرح میں شدید گراوٹ کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
گزشتہ ماہ کے آخری ہفتہ سے مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں موسم گرما کا آغاز ہونے کے ساتھ ساتھ گرم ہواؤں اور لوکی وجہ سے دوافراد ہلاک اور متعدد کو شدید گرمی سے بیمار ہونے کے سبب دواخانہ میں داخل کیا گیا ہے ۔ گرمی شدت کی وجہ سے درجہ حرارت 40 ڈگری سلسیس تک پہنچ چکا ہے ۔ریاست میں اورخصوصی طورپر ودربھ کے خطہ میں گرم ہواؤں اور لو کی وجہ سے متعدد افراد بیمار ہوگئے ہیں اور انہیں اسپتال داخل کیا گیا ہے ۔
مارچ کے آخری ہفتہ اور10اپریل کے درمیان درجہ حرارت اوسطاً 38 سے 44ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جوکہ اس مہینے میں کافی زیادہ ہے ۔گزشتہ ایک ہفتے سے ممبئی سمیت دیگر علاقوں میں گرم ہوائیں چل رہی ہیں صرف دوروز صبح وشام ممبئی میں جنوب وسطی مہاراشٹر کے ساتھ کوکن اور وسطی مہاراشٹر میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوا ، لیکن دن میںگرمی اپنے شباب پر ہے ۔دھولیہ میں ایک40 سالہ شخص دیوارام کی موت ہوگئی جوکے ایک مزدور تھا جبکہ اورنگ آباد میں ایک 80 سالہ خاتون لولگنے سے لقمہ اجل بن گئی ۔
دونوں کو لو لگنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ناگپور،اکولہ ،لاتور اور وسطی خطہ کے دیگر اضلاع اور مشرقی مہاراشٹر میں گرمی سے عوام پریشان ہیں ۔ ان علاقوں میں گزشتہ سال 538 افراد کو دواخانے میں داخل کیا گیا تھا ۔ زیادہ ترمعاملات ناگپوراور اطراف میں پیش آئے ہیں۔ امسال بطی ناگپورمیں بیمار ہونے والوں کی تعداد 67 زیادہ ہے جبکہ اکولہ ،اورنگ آباد،اور ناسک میں بپی لوگوں کو اسپتال داخل کیا گیاہے ۔
سخت ترین موسم میں مہاراشٹر کے لوک سبھا کی 10 نشستوں کے لئے جمعرات کو رائے دہی ہوگی۔ ان نشستوں میں تین نشستیں شیڈول کاسٹ کے لئے مخصوص کی گئی ہیں۔ ان میں بلڈانہ،اکولہ،امراوتی،(ایس سی )،ہنگولی ،ناندیڑ ،پربھنی ،بیڑ،عثمان آباد،لاتور (ایس سی )،سولاپور(ایس سی )،شامل ہیں جہاں بی جے پی ۔شیوسینا اتحاداور کانگریس اور این سی پی محاذکے درمیان راست ٹکراو ہے ،جبکہ میدان میں دلت مسلم فرنٹ کے طورپر ونچت بہوجن اگاڑی (وی بی اے ) بھی میدان میں ہے ۔
ان میں 2014 میں آٹھ نشستوں پر مودی لہر کے سبب بی جے پی اور شیوسینا نے کامیابی حاصل کی تھی اور دونشتوں پر کانگریس نے قبضہ کرلیا تھا۔ ودربھ میں بلڈانہ حلقہ 1999شیوسینا کے قبضے میں جہاں سے موجودہ رکن پارلیمنٹ پرتاپ راو جی جادھومیدان میں ہیں جبکہ این سی پی راجندر شنگانے ان کے مقابلہ پر ہیں ،یہاں 15لاکھ 96ہزار 234رائے دہندگان میں مرد8,45,547 اور خواتین 7,50,687رائے دہنگان ہیں ۔اکولہ سے بی بی ایم کے امیدوارپرکاش امبیڈکر قسمت آزما رہے ہیں جوکہ آئین کے بانی بی آرامبیڈکر کے پوتے ہیں اور دومرتبہ 1998اور 1999میں کامیابی حاصل کی تھی۔سہ رخی مقابلہ میں کانگریس کے طاقتور امیدوارہدایت اللہ بی پٹیل ہیں جبکہ بی جے پی دھتورے بھی الیکشن لڑرہے ہیں ،کل 16,46,463ووٹرس میں سے 8,69,922مردرائے دہندگان اور 7,76,547 خواتین ووٹرس ہیں جبکہ ان میں سے بیس فیصد شیڈول کاسٹ ووٹرس ہیں۔