Saturday, January 25, 2025
Homeتازہ ترین خبریںمہاراشٹر حکومت کی کابینہ میں توسیع سے کانگریسی ارکان اسمبلی نا خوش

مہاراشٹر حکومت کی کابینہ میں توسیع سے کانگریسی ارکان اسمبلی نا خوش

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی: مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے بعد ادھو ٹھاکرے نے پیر کے روز پہلی بار اپنی کابینہ میں توسیع کی۔اس توسیع میں،جہاں این سی پی رہنما اجیت پوار کو ریاست کا نائب وزیر اعلیٰ بنایا گیا،وہیں شیو سینا کے آدتیہ ٹھاکرے کو بھی وزارت میں شامل کیا گیا۔کابینہ کی توسیع کے بعد وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ریاست کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کی بات کہی۔

لیکن کابینہ کی توسیع سے چند گھنٹے پہلے ہی کانگریس کے ارکان اسمبلی میں عدم اطمینان ظاہر ہونا شروع ہو گیا۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق،کانگریس کے بہت سے ارکان اسمبلی کابینہ کی اس توسیع سے خوش نہیں ہیں۔ان کا ماننا ہے کہ کابینہ میں توسیع کے معاملے پر کانگریس ہائی کمان کو گمراہ کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق،ناراض کانگریسی ارکان اسمبلی نے پارٹی کے سینئیر رہنما ملیکارجن کھڑگے سے اس تعلق سے ملاقات کی ہے اور اور اپنی بات رکھی ہے۔ارکان اسمبلی نے کھڑگے سے ملاقات کے دوران وفا دار ارکان اسمبلی کو پوری طرح نظر انداز کرنے کام الزام عائد کیا ہے۔اطلاع کے مطابق،ان مشتعل و ناراض ارکان اسمبلی میں سابق وزیر اعلیٰ پر تھوی راج چوان بھی شامل ہیں۔

بتادیں کہ،مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو 105،شیو سینا کو 56،این سی پی کو 54 اور کانگریس کو 44 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔بی جے پی اور شیو سینا نے مل کرحکومت تشکیل دینے کے لئے درکار 145 نمبر کو عبور کیا تھا،لیکن شیو سینا نے ففٹی ففٹی فارمولے کی تجویز رکھی،جس کے مطابق ڈھائی ڈھائی سال حکومت چلانے کی کا ایک ماڈل تھا،لیکن بی جے پی نے اس فارمولے کو قبول نہیں کیا۔

شیو سینا کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے ساتھ معاہدہ اسی فارمولے پر ہوا تھا،لیکن بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ ایسا کوئی معاہدہ نہیں ہوا تھا۔اس سے اختلافات اتنے بڑھے کہ دونوں فریقوں کی 30سال پرانی دوستی ٹوٹ گئی۔اس کے بعد،شیو سینا نے بڑے ڈرامائی واقعات کے بعد این سی پی اور کانگریس کے ساتھ مل کر حکومت بنائی۔اور پیر کے روزاپنی کابینہ میں توسیع کردی،جس میں اپنے اتحادی جماعتوں سمیت اپنی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو وزارت میں شامل کیا۔جس کے بعد کانگریسی ارکان اسمبلی کی ناراضگی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔