حیدرآباد ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہرالدین کیلئے آج ایک نئی اننگز کا آغاز ہوا جیسا کہ وہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ ایچ سی اے کے صدر کیلئے آج (27 ستمبر2019 ) انتخابات منعقد ہوئے تھے جہاں اظہرالدین نے اپنے حریف پرکاش چند جین کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی۔
اظہرالدین کوصدارتی انتخابات میں جہاں 173 ووٹ حاصل ہوئے وہیں ان کے حریف پرکاش کو صرف 73 ووٹ ہی حاصل ہوئے ہیں۔ اظہرالدین کیلئے یہ کامیابی کرکٹ انتظامیہ میں داخلہ کی سیڑھی ثابت ہوئی ہے۔ 56 سالہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہرالدین جنہوں نے 99 ٹسٹ اور 334 ونڈے مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے، انہوں نے گذشتہ مرتبہ بھی ایچ سی اے کے صدر کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کی تھی لیکن
اسپاٹ فکسنگ تنازعہ کی وجہ سے انہیں صدارتی انتخابات کیلئے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ مرادآباد کے سابق رکن پارلیمنٹ اظہرالدین کے نام ٹسٹ کرکٹ میں متواتر تین سنچریاں اسکور کرنے کا منفرد ریکارڈ ہونے کے علاوہ انہوں نے انگلینڈ، سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف 1990ءکے دہے میں گھریلو سیریزوں میں ٹیم کو فتوحات دلوائی تھی۔
اپنے وقت کے بہترین بیٹسمین اورکامیاب ترین کپتانوں میں شمار ہونے والے اظہرالدین کے ایچ سی اے کے صدر منتخب ہونے کے بعد حیدرآبادی کرکٹ میں مزید ترقی کی امید کی جارہی ہے۔ دوسری جانب حیدرآبادی عوام کو ایچ سی اے کے نئے صدر اور ہندوستان کے سابق کپتان اظہرالدین سے امیدیں وابستہ ہیں۔
حیدرآباد سے ویسے تو حالیہ دنوں میں ہنوماویہاری، فاسٹ بولر محمد سراج کے علاوہ حیدرآباد سے ابھرتے آف اسپنر خواجہ مدثراحمد نے اپنی صلاحیتوں کو منوا یا ہے تاہم آئی پی ایل سمیت کئی ایک اہم ٹورنمنٹس میں حیدرآبادی کھلاڑیوں کی زیادہ نمائندگی نہ ہونے سے نوجوان کرکٹرس میں ایک قسم کی مایوسی پائی جاتی تھی لیکن آج جیسے ہی اظہرالدین کے صدر بننے کی خبر پھیلنے لگی تو حیدرآبادی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اورکرکٹ حلقوں کے علاوہ ابھرتے نوجوان کھلاڑیوں کے سرپرستوں اور والدین کے درمیان میں بھی اظہرالدین کے صدر بننے اور حیدرآبادی کرکٹ کے ترقی کرنے کے موضوعات سب سے اہم رہے۔
حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرس نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ہیکہ اظہرالدین کوچونکہ بین الاقوامی کرکٹ کا وسیع تجربہ ہے لہذا وہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو انڈر15 ، انڈر19 اور اے ٹیم کے علاوہ آئی پی ایل میں بھی حیدرآبادی کھلاڑیوں کی نمائندگی کی راہیں ہموار کریں گے۔ اظہر الدین نے صدر بننے کے بعد یہ امید کی جارہی ہے کہ اب حیدرآبادی کرکٹ دنیا ایک نئی ترقی کی سمت گامزن ہوگی۔