نئی دہلی۔ دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال نے جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کرمہاتما گاندھی کے ساتھ بھگوان گنیش اور دیوی لکشمی کی تصویر والے کرنسی نوٹ متعارف کروانے کی اپیل کی۔انہوں نے خط میں کہا کہ ملک کے ایک سو تیس کروڑ عوام کی خواہش ہے کہ ہندوستانی کرنسی کے ایک طرف گاندھی جی اور دوسری طرف شری گنیش جی اورلکشمی جی کی تصویر ہو۔
خط میں مزید کہاگیا ہے کہ ملکی معیشت انتہائی برے دور سے گزررہی ہے۔ آزادی کے 75 سال بعد بھی، ہندوستان کا شمار ترقی پذیر اور غریب ممالک میں ہوتا ہے۔ آج بھی ہمارے ملک میں اتنے غریب لوگ ہیں، کیوں؟، سی ایم کیجریوال نے پوچھا۔ایک طرف ہم تمام اہل وطن کو محنت کرنے کی ضرورت ہے اور دوسری طرف ہمیں بھگوان کی رحمتوں کی بھی ضرورت ہے تاکہ ہماری کوششیں رنگ لائیں، درست پالیسی، محنت اور اوپر والی کی مدد ان کے سنگم سے ہی ملک ترقی کرے گا”۔ خط میں یہ مضمون لکھا گیا ہے ۔کیجریوال نے خط میں کہا میں نے کل ایک پریس کانفرنس میں عوامی طور پر اس کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے بعد سے اس معاملے پر عام لوگوں کی طرف سے زبردست حمایت مل رہی ہے، لوگوں میں اس موضوع کے متلعق زبردست جوش و خروش ہے۔ ہر کوئی چاہتا ہے کہ اسے فوری طور پر نافذ کیا جائے۔
یاد رہے کہ دہلی کے چیف منسٹر کیچریوال کی جانب سے ہندوستانی نوٹوں پر بھگوانوں کی تصویر کا مطالبہ ملک میں ایک نیا تنازعہ ہے کیونکہ اس مطالبہ کے بعد اپوزیشن اور دیگر سیکولر جماعتوں نے اپنے مطالبات بھی منظرعام پر پیش کردئے ہیں ۔کسی نے دستور ہند کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر کا مطالبہ کیا تو کسی ہندوستان کی آزادی میں اپنی جان کی قربانیاں دینے والے مجاہدین کی تصویر کو کرنسی نوٹوں پر پرنٹ کرنے کا مطالبہ کردیا ہے ۔