امراوتی: پندرہ اکٹوبرمنگل کو وائی ایس آر رعیتھو بھروسہ اسکیم کے آغاز سے صرف ایک دن قبل پیر کے روز آندھرا پردیش حکومت نے اس اسکیم کی رقم کو 12ہزار 500سے بڑھا کر 13ہزار 500روپئے کر دیا ہے۔آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے وائی ایس آر رعیتھو بھروسہ اسکیم کے افتتاحی پروگرام سے متعلق جائزہ اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا۔
وائی ایس آر رعیتھو بھروسہ اسکیم کے تحت کسانوں کو تین اقساط میں رقم ادا کی جائے گی۔وزیر زراعت کر سالہ کنا بابو نے کہا کہ یہ فیصلہ کسانوں کی درخواست کے تناظر میں لیا گیا ہے،جنہوں نے جائزہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔
حکومت نے اس اسکیم کو چار سال سے بڑھاکر پانچ سال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔اتوار کے روز،حکومت نے ایک جی او جاری کیا،جس کے ذریعہ حکومت نے اسکیم کے لئے بجٹ مختص کر نے کے لئے 5,510 کروڑ روپئے جاری کئے تھے۔الغرض منگل کو نیلور ضلع کے سرو پلے میں وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی کے ذرریعہ وائی ایس آر رعیتھو بھروسہ اسکیم کے افتتاح کی مکمل تیاریاں ہوچکی ہیں۔