مانچسٹر ۔ راوں ورلڈ کپ کے سنسنی خیز سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے اعصاب شکن لمحات میں اور خاص کر رویندر جڈیجہ کی برق رفتار بیٹنگ کے دوران شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو 18 رنز سے شکست دے کر کروڑہا ہندوستانیوں شائقین کا خواب بیکھرتے ہوئے مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میںرسائی حاصل کرلی ہے۔
مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل کو گزشتہ روز بارش کی وجہ سے روک دیا گیا تھا جس کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دوسرے روز اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی۔ ہندوستان کی مضبوط ٹیم کو ایک مشکل وکٹ پر جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف ملا تھا اور قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر نیوزی لینڈ کی شان دار بولنگ کے سامنے گزشتہ میچوں کی طرح غیر معمولی کارکردگی کا تسلسل دکھانے میں ناکام ہوئے۔روہت شرما، ویرات کوہلی اور لوکیش راہول فی کس صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹے تو اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 5 رنز تھا جس کے بعد دنیش کارتک صرف 6 رنز بنا کر 24 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
ہندوستان کی جانب سے پانچویں وکٹ میں ہارڈک پانڈیا اور رشبھ پنت نے 47 رنز کی شراکت بنائی اور اسکور کو 71 رنز تک پہنچایا تاہم اس موقع پرپنت 32 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ سابق کپتان دھونی جب بیٹنگ کے لئے آئے تو ٹیم کو شدید دباوکا سامنا تھا لیکن انہوں نے ذمہ داری نبھاتے ہوئے پانڈیا کے ساتھ 21 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی تاہم اس دوران پانڈیا ایک اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں 32 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو ہندوستان کا اسکور 6 وکٹوں پر 92 رنز تھااور ٹیم پر کراری شکست کے بادل منڈلا رہے تھے۔
دھونی نے پانڈیا کے بعد رویندر جڈیجہکے ساتھ 116 رنز کی شاندار شراکت بناکر ہندوستان کے فائنل تک رسائی کے امکانات بھی روشن کردیے جبکہ جڈیجہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری بنائی اور ٹیم کو کامیابی کے قریب بھی لادیا تھا۔جڈیجہ نے 59 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 77 رنز بنا کر آوٹ ہوئے اور جب جڈیجہ آوٹ ہوئے تو ہندوستان کو کامیابی کے لیے مزید 32 رنز درکار تھے اور وکٹ پر بہترین فنیشر دھونی موجود تھے تو شائقین کی امیدیں باقی تھیں۔
دھونی ہندوستان کو کامیابی کے قریب لا کر 216 کے مجموعی اسکور پر دوسرا رن لینے کی کوشش میں مارٹن گپٹل کی شاندار فیلڈنگ اور راست تھروکا نشانہ بنے لیکن اس دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری مکمل کر لی تھی۔ ہندوستان کو 49 ویں اوور میں دو نقصان برداشت کرنے پڑے جب دھونی 50 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد فرگوسن نے بھونیشورکمار کی وکٹیں بھی اڑا دیں جس کے بعد ہندوستان کی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں دم توڑگیں۔
ہندوستانی پوری ٹیم آخری اوور میں 221 رنز بنا کر آوٹ ہوئی اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیمی فائنل میں 18 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔میٹ ہنری کو میچ میں سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کرنے پر بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا کیونکہ انہوں نے مقابلے کے آغاز پر ہندوستانی ٹاپ آرڈر کو تباہ کرنے میں کلیدی رول ادا کیا تھا۔قبل ازیں گزشتہ روز کی طرح سیمی فائنل کے دوسرے دن میں بھی ہندوستانی بولروں نے نیوزی لینڈ کو رنز بنانے نہیں دیے اور پوری ٹیم مقرر 50 اوورزمیں 8 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنا سکی۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے 2015 کے ورلڈ کپ میں گھریلو میدان میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر آسٹریلیا کے خلاف فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا تاہم فائنل میں یک طرفہ مقابلے کے بعد اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دوسری جانب ہندوستانی ٹیم بھی ورلڈ کپ 2015 کے سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی تاہم سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف 95 رنز کے واضح فرق سے شکست ہوئی تھی۔