Monday, June 9, 2025
Homeاسپورٹسورلڈکپ2022 ایشین کوالیفائر میں ہندوستان کو آسان ڈرا

ورلڈکپ2022 ایشین کوالیفائر میں ہندوستان کو آسان ڈرا

- Advertisement -
- Advertisement -

کوالالمپور۔ ہندوستانی فٹبال ٹیم کو 2022ءورلڈ کپ کے دوسرے ایشین کوالیفائر مرحلے میں آسان ڈرا ملا ہے جیسا کہ اسے گروپ میں قطر، عمان، افغانستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ گروپ ای میں رکھا گیا ہے۔ ایشیا کے 40 ممالک کی نمائندگی کرنے والی ٹیموں کو 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ میں 5 ٹیمیں شامل ہیں۔ یہاں جکارتہ میں ایشین فٹبال کانفیڈریشن ہیڈکوارٹرس میں ٹیموں کا ڈرا کیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب گروپ مرحلے کے دوران تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف گھریلو اور بیرونی طرز پر مقابلہ کھیلے گی جوکہ راؤنڈ رابن طرز بھی کہلاتا ہے۔

ان مقابلوں کا آغاز 5 ستمبر کو ہوگا۔ بعدازاں 8 گروپ کی فاتح اور رنر اپ ٹیمیں اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرے گی جوکہ 2022ءورلڈ کپ کوالیفائرس اور 2023ءاے ایف سی ایشین کپ فائنلس ہوں گے جوکہ چین میں منعقد ہوں گے۔ بعدازاں دوسرے مرحلے سے بہترین 24 ٹیمیں اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرے گی جس میں سے مزید 12 ٹیمیں بہترین مقامات کی بنیاد پر 24 ٹیمیں اے ایف سی ایشین کپ کیلئے کوالیفائی ہوں گے۔

ہندوستان کیلئے ایشیائی ممالک کی طاقتور ٹیمیں جیسے ایران، جاپان، کوریا، آسٹریلیا اور سعودی عرب کا سامنا کرنے کی ضرورت نہیں پڑی، تاہم اسے ایشین کپ چمپین قطر کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ ہندوستان کو دو دیگر طاقتور ٹیمیں عراق اور ازبیکستان کے ساتھ بھی گروپ میں شامل نہیں ہونا پڑا۔ ہندوستان کیلئے آسان ڈرا اس لئے بھی کہا جارہا ہے کیونکہ وہ افغانستان اور بنگلہ دیش کو آسانی سے شکست دے سکتی ہے جبکہ اسے عمان اور ورلڈ کپ کی میزبان قطر کی ٹیم کے خلاف سخت مقابلہ کرنا پڑسکتا ہے جس کے ذریعہ ہی وہ کوالیفائرس کے فائنل راؤنڈ میں رسائی حاصل کرسکتی ہے۔

دلچسپ یہ بھی ہے کہ 2018ءورلڈ کپ کے کوالیفائر کے دوسرے مرحلے میں بھی ہندوستانی ٹیم کو عمان کے ساتھ ہی گروپ میں رکھا گیا تھا جہاں عرب دنیا سے تعلق رکھنے والے عمان نے ہندوستان کو 2-1 سے شکست دی تھی جوکہ بنگلور میں کھیلا گیا ہندوستان کا گھریلو مقابلہ تھا جبکہ بیرونی مقابلہ 2015ءمیں مسقط میں کھیلا گیا تھا جہاں ہندوستان کو 3-0 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلہ 2019ءایشین کپ کے ضمن میں گزشتہ سال ڈسمبر میں ابوظبی میں کھیلا گیا تھا اور یہ مقابلہ بغیر گول کے ڈرا ہوگیا تھا۔

 ڈرا کے موقع پر فیفا ڈائریکٹر آف کامپیٹیشن کرسٹین انگیر اور آسٹریلیائی لیجنڈ ٹم کیہل موجود تھے۔ ایشیائی ممالک میں سرفہرست ایرانی فٹبال ٹیم متواتر تیسری مرتبہ ورلڈ کپ میں رسائی کیلئے پرعزم ہے، اسے گروپ سی میں عراق، بحرین، ہانگ کانگ اور کمبوڈیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ جاپان جس نے 2018ءفیفا ورلڈ کپ میں شاندار مظاہرہ کیا ہے، اسے گروپ ایف میں تاجکستان، میانمار اور منگولیا کے ساتھ رکھا گیا ہے، کوریائی ٹیم کو گروپ ایچ میں ترکمانستان اور سری لنکا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ سعودی عرب، ازبیکستان، فلسطین، یمن اور سنگاپور گروپ ڈی کی ٹیمیں ہیں اور اسی طرح آسٹریلیائی ٹیم اُردن، چینی تائی پائی، کویت اور نیپال کے ساتھ گروپ بی میں ہے ۔ اسی طرح گروپ اے میں چین، شام، فلیپائن ، مالدیپ اور گوام ہیں۔