جالنہ: مہاراشٹرا حکومت میں وزیر نہ بنائے جانے سے ناخوش،کانگریس کے رکن اسمبلی کیلاش گورانٹل نے کہا کہ وہ پارٹی کے متعدد عہدیدارون اور کارکنوں کے ساتھ پارٹی کے عہدوں سے استعفیٰ دیں گے۔مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ادھو تھاکرے نے پیر کو اپنی کابینہ میں توسیع کی،جس میں 26وزراء اور 10وزیر مملکت بنائے گئے تھے۔گورانٹل نے بتایا کہ یہ فیصلہ ہفتہ کو ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ”میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر بالا صاحب تھوراٹ سے ملاقات کروں گا اور پارٹی عہدوں سے اپنا استعفیٰ پیش کروں گا۔جالنہ میونسپل،کونسل،ضلع پریشد کے پارٹی ممبران بھی استعفیٰ پیش کریں گے۔
کانگریس رکن اسمبلی کا دعویٰ کیا کہ کانگریس کے اہلکار پہلے ہی جالنہ کی تمام تحصیلوں سے باہر چلے گئے ہیں۔انہوں نے کہا،پارٹی نے مجھے نظر انداز کیا اور مجھ سے انصاف نہیں کیا“۔اکتوبر کے اسمبلی انتخابات میں گورانٹل نے شیو سینا کے ارجن کھوٹکر کو شکست دی تھی۔
نگر کانگریس صدر شیخ محمود نے کہا کہ گورانٹل تین بار کے رکن اسمبلی تھے اور وہ پہلے بھی کونسلر رہ چکے ہیں اور انہوں نے ضلع میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے سخت محنت کی ہے۔محمود نے کہا،ہم نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے“۔