نئی دہلی ۔ ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) نے ہندوستان کی قومی ڈوپنگ ٹسٹنگ لیباریٹری (این ڈی ٹی ایل) کو آئندہ 6 ماہ کیلئے معطل کردیا ہے جوکہ ہندوستان کے اینٹی ڈوپنگ پروگرام کیلئے ایک بہت بڑا جھٹکا ہے جس سے اب ہندوستان کو ڈوپنگ ٹسٹ کے اخراجات میں اضافہ ہوگا۔ واڈا نے 2008ءمیں این ڈی ٹی ایل کو مسلمہ موقف دیا تھا لیکن اب یہ اس بات کا مجاز نہیں رکھتی کہ وہ کھلاڑیوں کے نمونے حاصل کرسکے۔
این ڈی ٹی ایل پر جو پابندی عائد کی گئی ہے اس کا اطلاق 20 اگست سے ہوگا جس کی وجہ سے اب ہندوستان کو یہ ایک بڑا جھٹکا ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ ٹوکیو اولمپکس کے آغاز میں ایک سال سے بھی کم کا وقفہ ہے۔ واڈا کی سائیٹ پر جاری کردہ صحافتی بیان میں کہا گیا ہیکہ ہندوستانی ڈوپ ٹسٹ لیباریٹری پر 6 ماہ کی پابندی اس لئے عائد کی گئی ہے کیونکہ اس کا کھلاڑیوں کے نمونے جانچنے کا معیار واڈا کی شرائط کی تکمیل نہیں کرتا۔
واڈا نے اپنی تحقیق کے دوران پایا ہیکہ کھلاڑیوں کے جو نمونے حاصل کئے جانے کے بعد انہیں این ڈی ٹی ایل میں جس انداز میں جانچا جاتا ہے وہ معیار واڈا کے معیار کے مطابق نہیں ہے۔ این ڈی ٹی ایل خود پر عائد پابندی کے خلاف کھیلوں کی ثالثی عدالت نے آئندہ 21 دنوں کے دوران درخواست داخل کرسکتی ہے۔ انڈین اولمپک اسوسی ایشن (آئی او اے) نے کہا ہیکہ اس وقت ملک اس موقوف میں نہیں ہیکہ کھلاڑیوں کے حاصل کردہ نمونوں کی جانچ کیلئے انہیں دیگر ممالک روانہ کرے اور اس پر عائد ہونے والے زائد اخراجات برداشت کرسکے۔ ہندوستان کو اب اپنے کھلاڑیوں کی اینٹی ڈوپنگ جانچ کیلئے ان کے نمونے واڈا سے مسلمہ دیگر ممالک کی لیباریٹیز کو روانہ کرنا پڑے گا جوکہ بنکاک اور تھائی لینڈ میں ہے۔