Thursday, December 12, 2024
Homesliderٹی آر ایس کی کامیابی غیر اخلاقی :راج گوپال ریڈی

ٹی آر ایس کی کامیابی غیر اخلاقی :راج گوپال ریڈی

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ منوگوڑضمنی انتخابات کے  نتائج  کے 10ویں راؤنڈ کے بعد جب یہ واضح ہو گیا کہ ٹی آر ایس جیت کی طرف گامزن ہے راج گوپال ریڈی نے ہار مان لی۔تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ان کی اخلاقی جیت ہے اور ٹی آر ایس کی جیت کو غیر اخلاقی قرار دیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ ٹی آر ایس نے جیتنے کے لیے سرکاری مشینری کا غلط استعمال کیا اور ووٹروں کو ڈرانے کے لیے پولیس فورس کا استعمال کیا۔اس سے پہلے بی جے پی لیڈروں نے ہر دور کے بعد نتائج کے اعلان میں تاخیر پر چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج سے احتجاج درج کروایا۔

ریاستی بی جے پی صدر بنڈی سنجے نے الزام لگایا کہ سی ای او کے طرز عمل سے شکوک پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راؤنڈ وار نتائج کا اعلان اسی صورت میں کیا جا رہا ہے جب ٹی آر ایس برتری پر ہو۔مرکزی وزیر سیاحت اور ثقافت جی کشن ریڈی نے سی ای او سے فون پر بات کی اور راؤنڈ وار نتائج کے اعلان میں تاخیر پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔تاہم سی ای او نے اس تنقید کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ گنتی شفاف طریقے سے جاری ہے۔ انہوں نے راؤنڈ وار نتائج کے اعلان میں تاخیر کی وجہ امیدواروں کی بڑی تعداد کی موجودگی کو قرار دیا۔

یادرہے کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) نے کانگریس سے منوگوڑاسمبلی سیٹ چھین لی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف سخت مقابلے میں اپنی بالادستی برقرار رکھی  ۔ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی نے اپنے حریف بی جے پی کے کے راجگوپال ریڈی کو 10,059 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔کانگریس جس نے 2018 میں سیٹ جیتی تھی، تیسرے نمبر پر رہی اور جمع شدہ رقم ضبط ہوئی ۔ پربھاکر ریڈی نے 96,574 ووٹ حاصل کیے جبکہ راجگوپال ریڈی نے 86,515 ووٹ حاصل کیے۔