سری نگر۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اورسابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے کہ نریندر مودی دوبارہ ہندوستان میں بر سر اقتدار آجائیں۔
نیشنل کانفرنس کی طرف سے قومی شاہراہ پر پابندی کے متعلق سرکاری فیصلے کے خلاف احتجاجی دھرنے کے موقع پر عمر عبداللہ نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا مودی کہہ رہے تھے کہ پاکستان اور عسکریت پسند اُنہیں شکست دینا چاہتے ہیں لیکن آج واضح ہوگیا کہ پاکستان مودی کو دوبارہ کامیاب ہوتا دیکھنا کے خواہاں ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر ہندوستان میں بی جے پی دوبارہ بر سر اقتدار آتی ہے تو دونوں ممالک کے درمیان تمام مسائل حل ہونے کی زیادہ امیدیں ہیں، اس بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے عمرعبداللہ نے ایک ٹویٹ میں کہا مودی صاحب ملک کو بتا رہے ہیں کہ صرف پاکستان اور اس کے ہمدر بی جے پی کی شکست چاہتے ہیں۔ عمران خان نی ابھی ان کی دوسری مرتبہ وزیر اعظم بننے کی حمایت کی ہے ۔
عمر عبداللہ نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا اگر عمران خان نے راہول گاندھی کو وزیر اعظم بننے کی حمایت کی ہوتی تو چوکیدار راہول گاندھی اورکانگریس کے خلاف کیا کیا کہہ رہے ہوتے ۔ ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ بہت جلد ہم چوکیدار عمران خان ٹویٹر ہینڈل دیکھیں گے ۔
قابل ذکر ہے کہ عمران خان نے کہا ہے کہ اگر کانگریس عام انتخابات جیت کرہندوستان میں حکومت بنائے گی تو انہیں ( کانگریس کو) پاکستان کے ساتھ تنازعات حل کرنے میں دائیں بازوکی جماعت بی جے پی کا خوف رہتا ہے ۔