جے پور۔ پنجاب میں اپنی حالیہ شاندار کامیابی کے بعد عام آدمی پارٹی (عآپ) نے راجستھان میں آنے والے اسمبلی انتخابات کے لیے بھرپور تیاری شروع کردی ہے اور اب وہ یہاں اپنی کامیابی کا تاریخ شروع کرنے کی خواہاں ہے ۔ عآپ کے راجستھان کے نئے انچارج ونے مشرا نے ریاستی ایگزیکٹو سے لے کر ضلع سطح تک تمام ایگزیکٹو باڈیز کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ جلد ہی نئے عہدیداروں کا تقررکیا جائے گا۔اس کے ساتھ ہی پارٹی نے ڈیجیٹل ممبرشپ (رکنیت) مہم بھی شروع کی ہے۔ اس کا اعلان اتوار کو جے پور میں ورکرز کانفرنس میں کیا گیا ہے ۔
عآپ نے اس کانفرنس سے انتخابی تیاریوں کی نئی شروعات کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ نظم و ضبط کے بغیر خاندان بھی نہیں چل سکتا تو پارٹی کا نظام کیسے چلے گا۔کانفرنس میں راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے پارٹی کارکنوں کو نظم و ضبط پرعمل کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ غیرنظم و ضبط والے لوگوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی، ادارہ، اسکول، کالج سمیت ہر جگہ نظم و ضبط ضروری ہے، نظم و ضبط کے بغیر ایک خاندان بھی نہیں چل سکتا۔
انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مزید مشورہ دیا کہ وہ بی جے پی کارکنوں سے اپنی تنظیم کا استعمال سیکھیں۔راجستھان کے الیکشن انچارج ونے مشرا، دہلی کی دوارکا سیٹ سے ایم ایل اے انہوں نے کہا کہ کارکنان اس خیال کے ساتھ کام کرنا شروع کریں گے کہ انتخابات جلد ہونے والے ہیں۔ریاست میں تین ماہ کی خصوصی رکنیت مہم شروع کی جارہی ہے اور اسکی نگرانی کےلیے ضلعی سطح پر انچارجز ہوں گے۔راجستھان میں کانگریس کی اشوک گہلوت حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے لے جایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پارٹی کی کامیابی کے بعد راجستھان میں کارکنوں میں جوش و خروش ہے اور نئے لوگ پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔