Monday, June 9, 2025
Homesliderپنجاب کے خلاف بنگلور کو پسندیدہ موقف،ڈی ولیئر س پر شائقین کی...

پنجاب کے خلاف بنگلور کو پسندیدہ موقف،ڈی ولیئر س پر شائقین کی نظریں

- Advertisement -
- Advertisement -

احمدآباد ۔ پنجاب کنگس کو آج یہاں طاقتورٹیم رائل چیالنجر بنگلور کے خلاف کھیلے جانے والے اپنے مقابلہ میں کامیابی کے لئے تمام تر صلاحیتوں اور توانائیوں کو بروئے کار لانا پڑے گا۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے خلاف گزشتہ مقابلے میں ہوئی 5 وکٹوں کی شکست کے بعد جدوجہد کررہی پنجاب ٹیم کے لئے آر سی بی کے خلاف سخت امتحان ہوگا اور خاص کر حریف ٹیم کے اِن فارم بیٹسمین ڈی ولیئرس جوکہ طوفانی بیاٹنگ کررہے ہیں، اِن کا سامنا کرنا آسان نہیں ہوگا۔ پنجاب جس نے تاحال 6 مقابلوں میں 2 فتوحات اور 4 ناکامیاں حاصل کی ہیں، وہ اب ٹیموں کے جدول میں چھٹے مقام پر پہونچ چکی ہے جبکہ بنگلور نے اتنے ہی مقابلوں میں 5 فتوحات کے ذریعہ چینائی سوپر کنگس سے رن ریٹ کی بنیاد پر پیچھے ہے۔

حسن اتفاق سے بنگلور کو ٹورنمنٹ کی واحد شکست بھی مہندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپر کنگس کے خلاف بھی برداشت کرنی پڑی ہے۔ چینائی کے خلاف ہونے والی اِس واحد شکست کے باوجود آر سی بی اِس وقت خطاب کے لئے مضبوط دعویداروں میں شامل ہوچکی ہے اور ویراٹ کوہلی آئی پی ایل کا پہلا خطاب حاصل کرنے کے لئے کوئی کسر باقی رکھنا نہیں چاہتے ہیں۔ پنجاب کے لئے اس کے بیٹنگ شعبہ میں عدم استقلال کے مظاہروں نے اسے اب تک کافی نقصان پہنچایا ہے۔ گزشتہ 6 مقابلوں میں کپتان کے ایل راہول نے ہی بہتر مظاہرے کئے ہیں جبکہ ٹیم نے مجموعی طور پر 3 مرتبہ 106 ، 120 اور 123 رنز کا اقل ترین اسکور بنایا ہے۔ دوسری جانب کپتان راہول نے تنہا 91 ، 5 ، 61 ، 4 اور ناقابل تسخیر 60 رنز کے علاوہ 19 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔ پنجاب کے لئے رواں سیزن راہول سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں۔

 ان کے ساتھی اوپنر مینک اگروال ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے میں کامیاب ہونے کے علاوہ چند ایک مرتبہ بہتر شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کرپائے ہیں۔ ٹیم کے جارحانہ اور خطرناک تصور کئے جانے والے بیٹسمین نیکولاس پورن کا رواں سیزن انتہائی مایوس کن ہے جبکہ ٹیم نے ٹی 20 کے نمبر ایک بیٹسمین انگلینڈ کے ڈیوڈ میلان کو ہنوز بنچ پر بٹھا رکھا ہے۔ پورن نے گزشتہ 5 اننگز میں صرف 28 رنز اسکور کئے ہیں جس میں تین مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ انھوں نے کے کے آر کے خلاف اپنا اعظم ترین 19 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔ اُمید کی جارہی ہے اِن کے مقام پر میلان کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ کے کے آر کیخلاف اسکور بورڈ پر زیادہ رنز نہ ہونے کی وجہ سے پنجاب کے بولرس کچھ زیادہ نہیں کرپائے۔ حالانکہ ٹورنمنٹ کے دوران اِس کے بولروں کے مظاہروں میں جارحانہ رویہ کا فقدان ہے۔ ابتدائی مقابلوں میں اِس نے راجستھان رائلز کے خلاف 221 رنز کا دفاع صرف 4 رنز کے فرق سے کیا تھا جس کے بعد دہلی کیپیٹلس کے خلاف اس نے 195 رنز کا بھی دفاع نہیں کیا۔

پنجاب کے بولروں کے لئے اِس مقابلہ میں آر سی بی کے طاقتور بیاٹنگ شعبہ کا امتحان رہے گا جس میں اننگز کے آغاز پر ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ نوجوان بیٹسمین دیودت پڈیکل ٹیم کو بہترین شروعات فراہم کررہے ہیں۔ مڈل آرڈر میں آسٹریلیائی آل راونڈر گلین میکس ویل بنگلور کے لئے اپنا اصل مظاہرہ دکھانے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ جبکہ بنگلور کی اصل طاقت ڈی ویلئرس ثابت ہورہے ہیں جنھوں نے ایک سے زائد مرتبہ میان آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا ہے جبکہ گزشتہ مقابلہ میں انھوں نے دہلی کے بولروں کی جم کر پٹائی کی ہے۔ پنجاب کی بولنگ دہلی کی بولنگ سے کسی قدر کمزور ہی دکھائی دیتی ہے جس کے بعد امید کی جاسکتی ہے کہ اِس مقابلہ میں بھی ڈی ولیئرس کا ایک طوفان آئے گا۔ بنگلور کے بولنگ شعبہ میں محمد سراج کافی متاثرکن بولنگ کررہے ہیں جنھوں نے گزشتہ مقابلہ میں خطرناک رشپھ پنت اور شیمرون ہٹمائر جیسے بیٹسمنوں کے خلاف آخری اووروں میں 14 رنز کا کامیاب دفاع کیا تھا۔