Wednesday, April 23, 2025
Homeٹرینڈنگڈاکٹرفاروق عبداللہ کی رہائی کے بعد پارٹی کی سرگرمیاں تیز

ڈاکٹرفاروق عبداللہ کی رہائی کے بعد پارٹی کی سرگرمیاں تیز

- Advertisement -
- Advertisement -

کشمیر ۔ نیشنل کانفرنس کے صدر وسابق چیف منسٹر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی گزشتہ ہفتہ رہائی کے بعد جہاں پارٹی کے ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس کی رونق میں چار چاند لگ گئے ہیں وہیں ضلع و بلاک سطح پر بھی صدور وکارکنوں کی مفلوج سرگرمیوں میں نئی جان آگئی ہے۔ یاد رہے کہ جموں و کشمیر حکومت نے لیڈر کی 13 مارچ کو زائد از سات ماہ کے بعد نظر بندی ختم کرکے ان کے نام رہائی کا پروانہ جاری کیا تھا ۔

تاہم ان کے فرزند اور پارٹی کے نائب صدرعمر عبداللہ ہنوز نظر بند ہیں جن کے بارے میں سابق را چیف اے ایس دلت نے پیش قیاسی کی ہے کہ وہ جموں وکشمیر کے اگلے چیف منسٹر ہوں گے۔نیشل کانفرنس کے ایک ترجمان نےکہا ہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائی کے بعد پارٹی ہیڈکوارٹر سے لے کر بلاک سطح تک ہر جگہ رونق دو بالا ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا گوکہ سال گذشتہ کے پانچ اگست کے چند ہفتوں کے بعد ہی نوائے صبح کمپلیکس پر سرگرمیاں بحال کی گئی تھیں اور پارٹی کے کئی لیڈران جن میں صوبائی سکریٹری شوکت احمد میر، نائب صدر یوتھ احسان پردیسی، ضلع صدر سری نگر پیر آفاق احمد، پارٹی ترجمان عمران نبی ڈار اور صوبائی صدر برائے خواتین ونگ انجینئر صبیہ قادری شامل ہیں، ہیڈ کوارٹر پر آکر سرگرمیاں بحال رکھے ہوئے تھے تاہم ڈاکٹر صاحب کی رہائی کے بعد یہاں بھی رونق دو بالا ہوئی ہے اور باقی ضلع و بلاک سطح پر بھی پارٹی کے صدور وکارکنوں نے سرگرمیوں کو تیز کیا ہے۔