نئی دہلی۔ بیرون ملک میں خام تیل میں تیزی کے بعد ہندوستانمیں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مسلسل دوسرے دن اضافہ رہا۔ ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کی ویب سائٹ کے مطابق دہلی میں آج ڈیزل15 پیسے مہنگا ہوکر67.24 روپے فی لیٹر ہو گیا جو12 ہفتے کی اعلی ترین سطح ہے ۔ پٹرول کی قیمت بھی چھ پیسے بڑھ کر14 دسمبر کے بعد کی بلند ترین سطح 74.74 روپے فی لیٹر پر پہنچ گئی ہے ۔
بین الاقوامی بازار میں لندن کا برینٹ کروڈ آج 68 ڈالر فی بیرل کے پار پہنچ گیا۔تین ماہ بعد خام تیل 68 ڈالر کے پار پہنچا ہے ۔ اس قیمت میں پچھلے کچھ عرصے سے آہستہ آہستہ اضافہ ہو رہا ہے جس کا اثر مقامی مارکیٹ میں پٹرول ڈیزل کے ساتھ ساتھ دیگر پٹرولیم مصنوعات پر بھی دیکھا جا رہا ہے ۔
پٹرول کی قیمت کولکتہ اور ممبئی میں بھی چھ، چھ پیسے بڑھ کر بالترتیب 77.40 روپے اور 80.40 روپے فی لیٹر ہو گئی۔ چینائی میں یہ سات پیسے کے اضافہ کے ساتھ 77.71 روپے فی لیٹر رہا۔
ڈیزل کولکتہ اور ممبئی میں 16 پیسے مہنگا ہوا۔کولکتہ میں ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت 69.66 روپے اور ممبئی میں 70.55 روپے رہی۔ چینائی ڈیزل کی قیمت 17 پیسے بڑھ کر 71.10 روپے فی لیٹر ہو گئی۔یاد رہے کہ تیل مارکیٹنگ کمپنیاں روزانہ پٹرول ڈیزل کی قیمت کا جائزہ لیتی ہیں اور ہر دن صبح چھ بجے سے نئی قیمت نافذ ہوتی ہے ۔