سری نگر۔ وادی کشمیر میں مواصلاتی نظام پر جاری پابندی کے باعث ای کامرس تجارت ٹھپ ہونے سے سینکڑوں نوجوان روزی روٹی سے محروم ہوگئے ہیں۔ ای کامرس سے متعلق ویب سائٹس جیسے ایمزوں، فلپ کارٹ، منترا وغیرہ 5 اگست سے انٹرنیٹ پر عائد پابندی کی وجہ سے مکمل بند ہیں جس کے نتیجے میں اس تجارت کے ساتھ وابستہ سینکڑوں لوگ بے روزگار بھی ہوگئے ہیں اور انٹرنیٹ کی بحالی کی کوئی صورت نظر نہ آنے کے باعث مختلف ذہنی بیماریوں کے شکار بھی ہورہے ہیں۔ سرور احمد نامی ایک نوجوان نے کہا کہ میں فلپ کارٹ کے ساتھ کام کرکے روزی روٹی کماتا تھا لیکن گزشتہ دوماہ سے بے کار ہوں۔
انہوں نے کہام یں فلپ کارٹ کے ساتھ کام کرکے اپنی روزی کماتا تھا جس سے مجھے اپنا خرچہ بھی نکلتا تھا اور گھر کا خرچہ بھی لیکن دو ماہ سے یہاں انٹرنیٹ بند ہے لہٰذا ہمارا کام بھی بند ہے کیونکہ ہمارا کام انٹرنیٹ پر ہی منحصر ہے ، میں گزشتہ دوماہ سے گھر میں بیٹھا ہوں، بالکل بے روزگار ہوں۔مشتاق احمد نامی ایک نوجوان جو ای کامرس کے ساتھ وابستہ ہے ، نے کہا کہ ہمارا کام بند ہونے سے ہمارا روزگار بند ہوا ہے ۔ انٹرنیٹ بند ہونے سے ہمارا کام بھی بند ہوگیا ہے اور ہم فاقہ کشی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں، ہمارا نہ ہی کمپنی والوں کے ساتھ رابطہ ہے اور نہ ہی گاہکوں کے ساتھ کوئی رابطہ ہے ، رابطہ منقطع ہونے سے ہمارا روزگار بھی منقطع ہوا ہے ۔
مشتاق احمد نے کہا کہ اگر اب یہاں کوئی کہیں سے انٹرنیٹ کے ذریعے ای کامرس کے واسطے کوئی چیز خریدتا بھی ہے تو پتہ جموں میں مقیم کسی رشتہ دار کا دیتا ہے اور پھر وہیں سے اس چیز کو لاتا ہے ۔محمد حسین نامی ایک نوجوان نے کہا کہ ای کامرس کے ذریعے میں نے کئی کتابیں خریدی لیکن انٹرنیٹ بند ہونے سے نہ ان سائٹوں پر دستیاب کتابوں کا پتہ چلتا ہے اور نہ ہی ہم خرید سکتے ہیں۔۔انہوں نے کہا میں نے ای کامرس کے ذریعہ کئی کتابیں نہ صرف متعبر قیمتوں پر خریدی بلکہ وہ کتابیں یہاں مارکیٹ میں نایاب بھی تھیں، مجھے مزید کتابیں خریدنی تھیں لیکن انٹرنیٹ بندہونے کے باعث نہ ہی مجھے یہ معلوم ہورہا ہے کہ آیا وہ دستیاب بھی ہیں یا نہیں اور نہ ہی خرید سکتا ہوں کیونکہ پھر یہاں ان سائٹوں کے ساتھ کام کرنے والوں کے ساتھ رابطہ ہی نہیں ہوگا۔
محمد حسین نے کہا کہ میں نے ایک اہم کتاب منگوائی تھی لیکن پھر 5 اگست کو جب انٹرنیٹ بند ہوا تو یہ بھی معلوم ہی نہیں ہوا کہ وہ کتاب یہاں پہنچی بھی تھی یا نہیں۔وادی میں مواصلاتی نظام پر جاری مکمل پابندی کے باعث اہلیان وادی ایمزون اورفلپ کارٹ کی ای کامرس کی فیسٹول سیلوں سے مستفید ہونے سے محروم رہ گئے ہیں۔مواصلاتی نظام پر جاری پابندی پر اظہار مایوسی ورنج کرتے ہوئے اہلیان وادی نے کہا کہ انٹرنیٹ پر جاری پابندی کی وجہ سے وہ ان ای کامرس سائٹوں سے فائدہ اٹھانے سے قاصر ہیں۔قابل ذکر ہے وادی میں پانچ اگست سے مواصلاتی نظام پر جاری مکمل پابندی کے باعث کشمیریوں کو مشکلات ومسائل درپیش ہیں، طلبہ، تجاراور عوام کے مشکلات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید سنگین ہورہے ہیں اگرچہ انتظامیہ نے لینڈ لائن سروس کوبحال کیا ہے لیکن اس سے لوگوں کو درپیش مشکلات ومسائل میں کوئی خاص فرق واقع نہیں ہوا ہے ۔