حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد کی نیکلس روڈ پر ریاستی بی جے پی کی جانب سے پتنگ فیسٹیول منعقد کیاگیا جس میں مہمان خصوصی کے طورپر مرکزی مملکتی وزیرداخلہ جی کشن ریڈی نے شرکت کی۔سنکرانتی کے تہوار کے موقع پر سارے ہی لوگ پتنگ بازی کا لطف لینے میں مصروف تھے تو بی جے پی لیڈرمتنازعہ زرعی قوانین کے متعلق کسانوں کے خلاف اپنے آقاووں کی بانسری بجاتے رہے۔
قومی اوبی سی مورچہ کے صدر کے لکشمن،سابق ایم پی وویک،رکن کونسل رامچندر راو اور دیگر نے تقاریب میں حصہ لیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے بی جے پی اور مرکزی حکومت کی طرف سے تلگو عوام کی طرف سے سنکرتی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ سنکرانتی کے تہوار سے آنے والے دنوں میں ملک میں تبدیلی آئے گی۔
کورونا کی وجہ سے پریشان حال عوام میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور خانگی دونوں شعبوں کے عوام مالی پریشانی میں ہیں۔اب جبکہ ویکسین تیار ہوگئی ہے یہ ویکسین کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لئے آئی ہے ۔کشن ریڈی نے کہا کہ دنیا کی چارکمپنیوں نے یہ ویکسین تیارکی ہے ، ان میں سے دو ہمارے ملک سے اور ایک ہماری ریاست تلنگانہ کے حیدرآباد میں تیارکردہ ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے زرعی قوانین کسانوں کی زندگیاں روشن کریں گے ۔ مرکزی وزیرکشن ریڈی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ حقیقی انقلاب17 ستمبر کو آئے گا۔ انھیں امید ہے کہ تلنگانہ کے شہیدوں کی خواہشات کے مطابق حقیقی حکمرانی کا دن بہت جلد آئے گا۔