Wednesday, April 23, 2025
Homesliderکمزور حیدرآبادی ٹیم کی عبدالصمد اور عمران ملک طاقتور امید

کمزور حیدرآبادی ٹیم کی عبدالصمد اور عمران ملک طاقتور امید

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ بنگلور میں آئی پی ایل 2022 سیزن کےلئے سینکڑوں ہندوستان اور بیرونی کھلاڑیوں کو حاصل کرنے کےلئے 10 ٹیموں نے دولت مند نیلامی میں حصہ لیا۔اس دوروزہ نیلامی کے عمل میں ہر ٹیم اپنے ماضی کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش۔ تمام ٹیموں نے اپنے اپنے لئے بہتر سے بہتر کھلاڑیوں کے انتخات میں کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن آئی پی ایل کی تاریخ میں دو مرتبہ خطاب حاصل کرنے والی حیدرآباد ی ٹیم نے کھلاڑیوں کے انتخاب میں جو حکمت عملی اختیارکی اس نے مقامی کرکٹ شائقین کوکافی مایوس کیا۔ حیدرآباد ٹیم ابتداءسے اپنے قطعی 11 کھلاڑیوں میں ایک یا دوسوپر اسٹارکھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرتی رہی ہے جوکہ ٹیم کو تنہا کامیابی دلوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں جیسا کہ اس سے قبل سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیم میں ڈیویڈ وارنر اور جانی بیرسٹو کی دھماکو اوپننگ جوڑی تھی ۔ بولنگ شعبہ میں افغانستان کے اسٹار بولر راشد خان تھے ۔

قبل ازیں 2021 کے سیزن کے درمیان میں ہی ٹیم انتظامیہ کا وارنر کے ساتھ اختلاف عیاں ہوا جس کے بعد سب سے پہلے ٹیم کو چمپئن بنانے والے کپتان وارنرکو قیادت سے برطرف کیا گیا جس کے بعد انہیں ٹیم سے بھی باہر کا راستہ دیکھا گیا۔ نیلامی کے دوران امید کی جارہی تھی کہ ٹیم انتظامیہ ماضی کے اختلافات اور مسائل کو پس پشت ڈالتے ہوئے شاید وارنرکو دوبارہ ٹیم میں حاصل کرے گا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا بلکہ جہاں وارنرکو دہلی نے کم قیمت 6.25 کروڑ میں ہی حاصل کرلیا وہیں حیدرآبادی ٹیم نے دوسرے درجہ کے کھلاڑی راہول ترپاٹھی پر 8.5 کروڑ،ابھیشک شرما پر 6.5 کروڑ روپئے صرف کئے۔ اس کے علاوہ کارتیک تیاگی پر4 کروڑ کے خرچے میں بھی کوئی اہمیت دیکھائی نہیں دی۔

وارنر جوکہ ٹیم کو ایک برق رفتار شروعات فراہم کرتے ہیں ان کے مقام پراب جنوبی افریقہ کے اوپنر ایڈن ماکرم شاید اننگز کا آغازکریں۔وارنر کے ساتھ ٹیم انتظامیہ کے اختلاف سے قطع نظر دیگر کھلاڑیوں کے انتخاب میں بھی حیدرآبادی ٹیم کے فیصلوں نے مقامی شائقین کو اپنی مایوسی سوشل میڈیا پر ظاہر کرنے پر مجبور کیا ہے۔ ماضی میں حیدرآبادی بولنگ کے سوپر اسٹار راشد خان رہے ہیں لیکن ان کے مقام پر اب واشنگٹن سندر ٹیم میں اسپنر کا کردار نبھائیں گے۔سندر کا راشد سے موازنہ کس زاویہ سے کیا جاسکتا ہے یہ بھی ناقابل فہم تجزیہ ہے۔ بھونیشور کمارکو حالیہ ناقص مظاہروں کے بعد ہندوستانی ٹیم میں ہی شامل نہیں کیا گیا ،لیکن سن رائزرس حیدرآباد نے انہیں دوبارہ 4.2کروڑ میں حاصل کیا ہے ،ان کے ساتھ ٹی نٹراجن موجود ہیں۔

حیدرآباد کامیڈل اورلوورآرڈرہمیشہ ہی ٹیم کے لئے درد سر رہاہے اور اس مرتبہ بھی مڈل آرڈر میں کوئی اہم نام نظر نہیں آتا ہے لیکن لوورآرڈر میں نیلامی میں ٹیم کے سب سے مہنگے کھلاڑی نیکولاس پورن ہوں گے جوکہ برق رفتار بیٹنگ کےلئے مشہور ہیں۔ان کے حصول پر ٹیم نے 10.75 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔ٹیم نے کپتان ولیمسن کے علاوہ عبدالصمد اور عمران ملک کو برقرار رکھا ہے تو یہ ہی کہاجاسکتا ہے کہ جہاں حیدرآبادی ٹیم جہاں کاغذ پر ماضی سے زیادہ کمزور دیکھائی دیتی ہے جس میں سوپر اسٹار کوئی نہیں اور نہ ہی ٹیم میں زیادہ میچ وننرس ہیں وہیں عبدالصمد اور عمران ملک کو ٹیم کےلئے سوپر اسٹار بننے کا سنہری موقع ہے۔عبدالصد کو فاسٹ بولر عمران ملک سے زیادہ تجربہ ہے ۔