نئی دہلی۔ مہلک وائرس کورونا کی وجہ سے اولمپک کی تیاریاں متاثر ہوئی ہیں لیکن ہندوستان کی سرفہرست کھلاڑیوں میں شامل پی وی سندھو اور بجرنگ پونی نے کہا ہیکہ امید کرسکتے ہیں کہ اولمپک کے آغاز تک حالات بہتر ہوجائیں گے اور عالمی سطح پر وائرس کا بحران ختم ہوجائے گا۔ اولمپک میں سلور میڈل حاصل کرنے والی پی وی سندھو نے کہا ہیکہ وہ سمجھتی ہیں کہ کھلاڑیوں کیلئے اس وقت صورتحال غیریقینی ہے کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے کئی ایک ایونٹس ملتوی کردیئے گئے ہیں لیکن اولمپکس گیمس کا آغاز 24 جولائی کو ہوگا جس میں ہنوز کئی ماہ کا وقت موجود ہے۔
سندھو نے کہا کہ میرے لئے پہلے آل انگلینڈ چمپئن شپ کا اب تک ملتوی نہ ہونا اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ چند دنوں میں ہی کھیلا جانا ہے جبکہ اولمپکس میں ابھی بہت وقت باقی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس آمد کے ساتھ ہی بہت زیادہ تباہی مچا چکا ہے لہٰذا ہمیں انتظار کرنا ہوگا کہ اولمپک تک حالات کیسے ہوں گے۔ قومی کوچ پولیلا گوپی چند نے کہا ہیکہ اولمپک نہ صرف چار سال میں ایک مرتبہ منعقد ہوتے ہیں بلکہ بعض اوقات کسی کھلاڑی کی زندگی میں یہ موقع صرف ایک مرتبہ آتا ہیکہ وہ عالمی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کرے لیکن موجودہ حالات میں ہر کھلاڑی کیلئے اپنی صحت پہلی ترجیح ہوگی۔
انہوں نے مزید کہاکہ آخر میں یہ دیکھنا اہم ہوتا ہیکہ زندگی میں صحت یا اسپورٹس کسے ترجیح دی جائے گی لیکن حالات اس وقت ایسے ہیں کہ ہر کھلاڑی کیلئے اپنی صحت پہلی ترجیح ہوگی لیکن اس کے باوجود چونکہ اولمپکس کے آغاز میں ہنوز چند ماہ باقی ہیں لہٰذا کوئی بھی فیصلہ قبل از وقت ہوگا۔ ریسلر بجرنگ پونیا نے کہا کہ اس وقت ہم مشکل وقت سے گذر رہے ہیں کیونکہ جہاں کئی ممالک میں مختلف چیزوں پر پابندی عائد ہوچکی ہے اور ہندوستان میں بھی حالات مشکل ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ٹریننگ کیلئے روس جانے والے تھے لیکن یہ اب منسوخ ہوچکا ہے۔