Tuesday, April 22, 2025
Homeبین الاقوامیکورونا وائرس چین کے علاوہ 17 دیگر ممالک میں پھیل چکا

کورونا وائرس چین کے علاوہ 17 دیگر ممالک میں پھیل چکا

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ چین کے شہر ووہان میں پھوٹ پڑنے والا وائرس کورونا اب دنیا کے کئی ملکوں تک پہنچ گیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کے علاوہ 17 ممالک کے شہری اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور متعلقہ حکومتیں اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہیں۔چین کے علاوہ کورونا وائرس جن ممالک میں پھیل چکا ہے ان میں  متحدہ عرب امارات، فرانس، جرمنی، جاپان، آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا، ملائیشیا، نیپال، سینگاپور، جنوبی کوریا، تائیوان، تھائی لینڈ ، سری لنکا اور ویت نام شامل ہیں۔

کورونا  وائرس سے چین میں 5947 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ تاحال 170 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ 1،700 نئےمعاملات سامنے آئے ہیں،۔ متاثرین کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔چہارشبنہ کو متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے ملک میں کورونا وائرس سے متاثر ایک معاملہ  کی تصدیق کی ہے اور یہ مشرق وسطیٰ میں بھی کورونا وائرس کا پہلا معاملہ ہے۔وزارت صحت کے مطابق ووہان سے یہ چینی خاندان آیا ہے۔ ان مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی تاہم ان کی صحت مستحکم ہے اور ان کو نگرانی میں رکھا جا رہا ہے۔

فرانس میں کورونا وائرس سے متاثر چار معاملات سامنے آئے ہیں۔ فرانس یورپ کا پہلا ملک ہے جو اس وائرس سے متاثر ہوا۔ ایک شخص بورڈاؤ علاقے میں جبکہ دوسرا پیرس میں وائرس سے متاثر پایا گیا۔ حکام کے مطابق ملک میں سامنے آنے والا تیسرا مریض ان دو افراد میں سے ایک کا رشتہ دار ہے۔یہ تینوں افراد چین گئے تھے جن کو اب الگ رکھا گیا ہے۔

تائیوان، جنوبی کوریا اور سنگا پور میں بھی چار افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔جاپان کی وزارت صحت نے ملک میں کورونا وائرس کے چوتھے معاملے کی تصدیق کی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق کہ 40 برس کا یہ شخص ووہان گیا تھا اور اس کو اب دواخانہ میں زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔ان چار متاثرین میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق آسٹریلیا نے کہا ہے کہ چھ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔آسٹریلیا نے فیصلہ کیا ہے کہ چین سے لوٹنے والے شہریوں کو کچھ عرصے کے لیے الگ جزیرے پر رکھا جائے گا۔ 600 آسٹریلوی شہری چین کے وائرس زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔آسٹریلیائی  وزیراعظم کے مطابق چین سے واپس لوٹنے والوں کو 14 دن کے لیے کرسمس نامی جزیرے پر رکھا جائے گا۔ آسٹریلیا میں پناہ لینے والے غیر ملکیوں کو عموماً کرسمس جزیرے پر رکھا جاتا ہے جو سمندر کے راستے آسٹریلیا میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

دنیا کے سوپر پاور امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثر پانچ افراد کودواخانے  میں داخل کیا گیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق 240 امریکیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے چین سے واپس لایا گیا۔ امریکہ نے تصدیق کی ہے چین سے واپس لوٹنے والے شہریوں میں وائرس کے جراثیم نہیں ملے۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ انہوں نے ماہرین کی ایک ٹیم چین بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔کینیڈا میں بھی ایک 50 سالہ مریض کی تصدیق ہوئی ہے جس کو الگ رکھا گیا ہے۔

ملائشیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سات ہو گئی ہے۔ ملائشیا کے حکام کے مطابق کہ کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی اقدامات لیے گئے ہیں۔اس وائرس سے نیپال کا ایک 32 سالہ شخص متاثر ہوا ہے جن کی صحت اب بہتر ہے۔تھائی لینڈ میں 16 جبکہ ویتنام میں دو افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ویتنام میں ایک متاثرہ باپ سے بیٹے کو وائرس منتقل ہوا ہے۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد سارس وائرس کے متاثرین سے بھی تجاوز کر گئی ہے جو چین میں 2002 میں پھیلا تھا۔ سارس وائرس سے 5،327 افراد متاثر ہوئے تھے، جبکہ دنیا بھر میں 770 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

چین کا پاکستان سے قریبی اور کافی گہرا تجارتی تعلق ہے اور پاکستان میں  سینکڑوں کی تعداد میں چینی ملازمین موجود ہیں لہذا پاکستان کے بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے خدشات ہیں ۔پاکستان میں اب تک صرف چار افراد پر کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہوا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ان افراد کے خون کے نمونے لیبارٹری کو بھیج دیے گئے ہیں اور ان کو نگرانی میں رکھا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ  ان چار افراد کی صحت دیکھ کر یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ انھیں کورونا وائرس نہیں ہے۔ چونکہ چین میں یہ بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے اس لئے پاکستان میں بھی ہائی الرٹ ہے اور دواخانوں میں انتظامات کیے جا رہے ہیں۔