نئی دہلی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بہار اسمبلی انتخابات کے لئے منشور میں ریاست کےعوام کے لئے کورونا ویکسن مفت مہیا کروانے کے وعدے پر دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال نے بی جے پی پر شدید تنقید کی اورکہا کہ اس پر سبھی کا حق ہے اور یہ پورے ملک میں مفت ملنی چاہئے ۔شمال مشرقی دہلی کے شاستری پارک کے نزدیک سیلم پور فلائی اوورکو عوام مختص کرنے آئے کیجریوال نے کہاکہ کورونا ویکسن بہار میں ہی کیوں، پورے ملک کو مفت میں مہیا ہونی چاہئے۔
کیجریوال نے بی جے پی کے اس وعدے پر سوال کیا اور کہا کہ غیر بی جے پی حکومت والی ریاستوں کا کیا ہوگا؟ جنہوں نے بی جے پی کو ووٹ نہیں دیا انہیں یہ ٹیکہ مفت میں نہیں دیا جائے گا؟انہوں نے کہا کہ اس فلائی اوورکی اندازاً لاگت 303 کروڑ روپے تھی جبکہ یہ 250 کروڑ روپے میں بن کر تیار ہوا ہے ۔ دہلی کی ایماندار حکومت نے دارالحکومت کے عوام کے 53کروڑ روپے بچائے ۔وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے بہار اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کا انتخابی منشور جاری کیا تھا جس میں یہ وعدہ کیاگیا ہے کہ حکومت بننے پر ریاست میں کورونا ویکسن سبھی کو مفت مہیا کی جائے گی۔
بہار اسمبلی کا انتخابات بی جے پی قومی جمہوریہ اتحاد(این ڈی اے ) کے اتحادی کے طورپر چیف منسٹر نتیش کمار کی قیادت میں لڑرہی ہے ۔اس سے پہلے بی جے پی کے کورونا ویکسن کے وعدے پر کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے بھی ٹویٹ کیا اور تنقید کرتے ہوئے کہا تھا۔ ہندوستانی حکومت نے کوویڈ تقسیم کا اعلان کردیا ہے ۔ یہ جاننے کے لئے ویکسن اور جھوٹے وعدے آپ کو کب ملیں گے ،مہربانی کرکے اپنی ریاست کے انتخابات کی تاریخ دیکھیں۔