احمدآباد ۔ آئی سی سی کی ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل رواں سال جون میں کھیلا جانا ہے جس کے لئے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اپنے طور پر تیاریاں کررہی ہیں اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ رائل چیلنجرس بنگلور کے کپتان ویراٹ کوہلی اور نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کائی جمیسن ایک ہی ٹیم کا حصہ ہیں لیکن ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں یہ دونوں ایک دوسرے کے حریف ہوں گے۔
فائنل کے پیش نظر کوہلی نے کوشش کی کہ آئی پی ایل کے لئے نیٹ پریکٹس میں وہ جمیسن کے خلاف اِن کی اصل گیند ڈیوکس کے خلاف مشق کریں اور اِس کے لئے اُنھوں نے بولر کو اِن گیندوں سے نیٹ میں بولنگ کرنے کی ہدایت بھی دی لیکن جمیسن نے اِسے خاموشی کے ساتھ نظرانداز کردیا۔ آر سی بی کے آل راونڈر ڈین کرسٹین نے انکشاف کیا ہے کہ آر سی بی جس نے نیوزی لینڈ کے دراز قد فاسٹ بولر جمیسن کو 15 کروڑ کی قیمت کے تحت حاصل کیا ہے، وہ اپنے ساتھ آئی پی ایل کے لئے بھی چند ڈیوکس کی گیندیں ساتھ لائے ہیں تاکہ وہ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کی تیاری کے لئے خود کو مصروف رکھیں۔ 18 جون کو منعقد شدنی اِس فائنل کے ضمن میں کوہلی نے جمیسن کو ڈیوک گیند سے نیٹ میں انھیں پریکٹس کے دوران بولنگ کرنے کی خواہش کی جس پر حریف بولر نے اَن سنی کردی۔
ویراٹ نے جمیسن سے استفسار کیا تھا کہ کیا اُن کے پاس ڈیوک گیندیں ہیں جس پر حریف بولر نے ہاں میں جواب دیا لیکن نیٹ کے دوران انھوں نے اس گیند سے بولنگ نہیں کی۔ ڈین کرسٹین نے مزید کہاکہ ویراٹ کوہلی میدان سے باہر کھلاڑیوں سے زیادہ گفتگو نہیں کرتے کیوں کہ ان کے ساتھ ان کی شریک حیات اور افراد خاندان بھی ہیں لیکن دوسری جانب آسٹریلیائی آل راونڈر گلین میکس ویل اور افریقی بیٹسمین اے بی ڈی ولیئرس کھلاڑیوں کے ساتھ زیادہ گھل مل جاتے ہیں۔
اے بی ڈی ولیئرس تو ہمیشہ خوش نظر آتے ہیں اور وہ ملنسار بھی ہیں جبکہ وہ کسی کے خلاف آج تک کوئی غلط جملہ بھی استعمال نہیں کیا۔ یاد رہے نیوزی لینڈ کے دراز قد فاسٹ بولر کائل جمیسن نے ہندوستان کے دورہ یوزی لینڈ پر ویراٹ کوہلی کے ہمراہ دیگر مہمان بیٹسمنوں کو کافی پریشان کیا تھا اور ٹسٹ کے فائنل میں بھی اِن سے اِسی طرح کی بولنگ کی اُمید کی جارہی ہے۔