Monday, June 9, 2025
Homeاسپورٹسکوہلی کی دوبارہ نمبر 3 پر واپسی متوقع

کوہلی کی دوبارہ نمبر 3 پر واپسی متوقع

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف ممبئی میں پہلے ونڈے میں ہوئی 10 وکٹ کی شرمناک شکست نے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کو چوتھے نمبر پر کھیلنے پر دوبارہ سوچنے پر مجبورکر دیا ہے۔ کوہلی اس ترتیب پر کھیلنے اترے اور ناکام رہے جس کے بعد انہوں نے کہا ہے کہ انہیں چار نمبر پر کھیلنے کے بارے میں دوبارہ غورکرنا ہوگا۔ ویسے بھی چار نمبر کا مقام ہندوستان کے لئے گزشتہ دو سال میں سب سے بڑا درد سر بنا ہوا ہے اور اب تک اس کا کوئی حل نہیں نکل پایا ہے۔

لاوپنر روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز کے لئے ٹیم میں واپس آئے جبکہ اس سے پہلے سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز سے انہیں آرام دیا گیا تھا۔ شکھر دھون اور لوکیش راہول دونوں اچھا کھیل رہے تھے۔ تینوں کو ہی پہلے ونڈے میں اتارا گیا جس میں کوہلی کو چوتھے نمبر پر کھیلنا پڑا۔ اس سے پہلے سری لنکا کے خلاف آخری ٹی 20 میں کوہلی چھٹے نمبر پرکھیلنے اترے تھے۔

کوہلی کے چوتھے نمبر پر آنے کی وجہ سے کیدار جادھو الیون میں جگہ نہیں بنا سکے۔روہت 10 رن بناکر آوٹ ہوئے جبکہ دھون نے 74 اور راہول نے 47 رن بنائے۔ کوہلی 16 رنز ہی بنا سکے۔ انہیں لیگ اسپنر ایڈم جمپا نے اپنی ہی گیند پر شاندار کیچ آوٹ کیا۔ جنوری 2015 کے بعد سے کوہلی نے چار نمبر پر کھیلتے ہوئے 16، 7، 12، 11، ناٹ آوٹ 3 اور 4 جیسے معمولی اسکور بنائے ہیں۔

 کوہلی نے اپنے کیریئر میں تیسرے نمبر پرکھیلتے ہوئے 180 میچوں میں 36 سنچریوں اور45 نصف سنچریوں کی مدد سے 9509 رنز بنائے ہیں جبکہ چار نمبر پر انہوں نے 39 میچوں میں سات سنچریوں اور آٹھ نصف سنچریوں کی مدد سے 1767 رنز بنائے ہیں۔ کوہلی نے نمبر چار پر آخری مرتبہ بڑا اسکور نومبر 2014 میں بنایا تھا۔ممبئی میں میچ کے بعد ایوارڈکی تقسیم کی تقریب میں کوہلی نے تسلیم کیا کہ جب بھی چار نمبر پر انہوں نے بیٹنگ کی ٹیم کو فائدہ نہیں ہوا ہے۔