سری نگر۔ مصر کے دارالخلافہ قاہرہ میں منعقدہ عالمی کک بکسنگ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والی کشمیری کھلاڑی تجمل الاسلام نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہارکیا ہے ۔یاد رہے کہ وادی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والی14 سالہ کھلاڑی تجمل الاسلام نے مصرکے شہر قاہرہ میں منعقدہ ورلڈکک باکسنگ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتا ہے ۔ یہ اس باصلاحیت لڑکی کا یہ دوسرا عالمی اعزاز ہے ۔ اس سے قبل انہوں نے2016 میں اٹلی کے شہر اینڈریا میں منعقدہ چمپئن شپ میں آٹھ سال کی عمر میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں تجمل الاسلام کو وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیرکھیل انوراگ ٹھاکر کے ساتھ ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔تجمل الاسلام اس ویڈیو میں اپنا مختصر تعارف دیتے ہوئے کہتی ہیں میں تمام لوگوں کی شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے میری حمایت کی، ہندوستان کی ہر جگہ سے ہمیں حمایت ملی اور پیار ملا۔میں چاہتی ہوں کہ آپ ہمیں آگے بھی تعاون کرتے رہیں تاکہ ہم ورلڈ اولمپکس میں ملک کے لئے گولڈ میڈل حاصل کر سکیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر سے ملنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم اور وزیرکھیل سے گذارش کرتی ہوں کہ ہم آپ سے ملنا چاہتے ہیں اور آپ کا آشیر واد حاصل کرنا چاہتے ہیں تاکہ ہم ورلڈ اولمپکس تک جا سکیں گے ، اچھے سے کھیل سکیں گے اور ہندوستان کے لئے گولڈ میڈل حاصل کر سکیں گے ، مہربانی کر کے اپنا قیمتی وقت ہمیں دیں۔تجمل الاسلام نے اپنے آبائی ضلع بانڈی پورہ میں ایک اسپورٹس اکیڈیمی بھی قائم کی ہے جہاں وہ سینکڑوں بچیوں کو کک بکسنگ کی تربیت فراہم کرتی ہیں۔