Wednesday, December 4, 2024
Homesliderکیجریوال کا جھوٹ ، 12 ریاستوں میں آکسیجن کی سربراہی متاثر :...

کیجریوال کا جھوٹ ، 12 ریاستوں میں آکسیجن کی سربراہی متاثر : بی جے پی

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔ بی جے پی نے دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال پرجھوٹ بولنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے جھوٹ کی وجہ سے 12 ریاستوں میں آکسیجن کی سربراہی متاثر ہوئی ہے ، اگر ان ریاستوں کو آکسیجن مل جاتا توکئی لوگوں کی جان بچائی جاسکتی تھی۔بی جے پی کے ترجمان سمبیت پاترا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کیجریوال نے آکسیجن کے تعلق سے گندی سیاست کر کے گھناؤنا جرم کیا ہے ، اس مجرمانہ غفلت کے لئے انہیں سپریم کورٹ میں قصوروار ٹھہرایا جانا چاہئے ۔

انہوں نے آکسیجن رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کیجریوال حکومت نے سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ انہوں نے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے رہنما خطوط کے مطابق آکسیجن کی ضرورت کی حساب لگایا تھا لیکن جب عدالت عظمی کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی نے کیجریوال سے آئی سی ایم آرکے رہنما خطوط کی کاپی مانگی تو انہوں نے ہاتھ کھڑے کردیے ۔ کیجریوال نے سپریم کورٹ میں جھوٹ بولا جس کے لئے انہیں معافی مانگنی چاہئے ۔

سمبیت پاترا نے مزید کہا 6 مئی کو کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس کرکے700 میٹرک ٹن آکسیجن کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے کچھ گھنٹوں بعد ان کی عام آدمی پارٹی کے لیڈر راگھو چڈھا نے کہا تھا کہ انہیں976 میٹرک ٹن آکسیجن کی ضرورت ہے ۔ ایک ہی دن میں دو الگ الگ اعداد وشمار بتائے گئے ۔ یہ کہیں نہ کہیں ایک سازش کے تحت کیا گیا ہے ، دہلی حکومت نے اپنی غلطی چھپانے کے لئے مرکز پر الزام لگا یا۔

 انہوں نے کہاآکسیجن آڈٹ کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کے مطابق دہلی حکومت کی طرف سے25 اپریل سے10 مئی کے درمیان دہلی آکسیجن کی جومانگ رکھی گئی ، وہ دراصل ضرورت سے چار گنا زیادہ تھی ۔ کمیٹی نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ دہلی کو آکسیجن کی اضافی سربراہی کی وجہ سے بارہ ریاستوں میں فراہمی متاثر ہوئی ہے ۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دہلی کو بستروں کی صلاحت کے مطابق289 میٹرک ٹن آکسیجن کی ضرورت تھی ، جبکہ دہلی حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا کہ انہیں 1140 میٹرک ٹن آکسیجن ، جو ضرورت سے چارگنا زیادہ تھی۔