حیدرآباد – ہندوستان بھر میں آج بابائے قوم موہن داس کرم چند گاندھی کا 150 واں یوم پیدائش پوری محبت اور وابستگی سے منایا جارہا ہے یہ اور بات ہےکہ برسراقتدار بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتوں کوگاندھی جی سے زیادہ ان کو قتل کرنے والے نتھورام گوڈسے سے عقیدت ہے جس کی کئی ایک مثالیں حالیہ دنوں میں دیکھنے کو ملی ہیں۔
گاندھی جی کے 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر جہاں وزیر اعظم نریندرمودی بدستور اپنی واہ واہی لوٹنے اور اپوزیشن نے حکومت پر تنقید کرنے کوئی موقع نہیں چھوڑا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو آزادی سے زیادہ صفائی عزیز ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کے 150 ویں یوم پیدائش پر انہیں صاف اور صحت مند ہندوستان کی شکل میں عملی خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
مودی نے یہاں راشٹرپتی بھون میں ”گاندھی ایٹ 150“ کے نام سے بابائے قوم کے 150 ویں یوم پیدائش کے سال کے آغاز اور مہاتما گاندھی بین الاقوامی سووچھتا کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باپو کا خواب صفائی کے عزم پر مبنی تھا۔ آزادی کی لڑائی کے وقت گاندھی جی نے کہا تھا کہ صفائی اورآزادی میں وہ صفائی کو ترجیح دیں گے۔ سوال یہ ہے کہ مہاتما گاندھی بار بار سووچھتا پر اتنا زورکیوں دیتے تھے؟ صرف اس لئے نہیں کہ صفائی سے بیماری نہیں ہوتی بلکہ اس لئے کہ جب ہم گندگی کو دور کرتے ہیں تو صفائی ہمیں حالات کو قبول کرنے کی رجحان کی طرف لے جاتی ہے۔ صفائی شعورکو مستحکم کرتی ہے۔ گاندھی جی کی صفائی کی تحریک بے حسی سے بیداری کی طرف لے جانے کوشش تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ گاندھی کے خیالات کے اثر کا ہی نتیجہ تھا کہ چار برس قبل 15 اگست 2014 کو لال قلعہ سے انہوں نے 2 اکتوبر 2019 کو ان کے 150 ویں یوم پیدائش تک ملک کو عام جگہوں پر رفع حاجت سے پاک بنانے کی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ مودی نے اپنی تعریف خود کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے سوچھ بھارت کو عوامی تحریک بنادیا ہے۔
گاندھی کے دن جہاں مودی نے اپنی تعریف کرنے کا موقع نہیں گنوایا وہیں کانگریس نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنانے کا موقع جانے نہیں دیا۔بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 150 ویں جینتی کے موقع پرکانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی نے آر ایس ایس اور بی جے پی پر شدید تنقید کی ۔ کانگریس کے گاندھی سندیش یاترا کے نام سے نکالے گئے مارچ کے اختتام پر سونیا گاندھی نے کہا کہ کچھ لوگ آر ایس ایس کو ملک کی علامت بنانا چاہتے ہیں لیکن یہ ممکن نہیں ہے۔ ہمارے ملک کی بنیاد میں گاندھی کا نظریہ ہے۔
کانگریس کارکنان سے خطاب کے دوران سونیا گاندھی نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے پوری دنیا کو عدم تشدد کا راستہ اختیار کرنے کی طرف راغب کیا۔ آج ہندوستان جہاں پہنچا ہے وہ گاندھی کے راستہ پر چل کر ہی پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی کا نام لینا آسان ہے لیکن اس راستہ پر چلنا بہت مشکل ہے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے راستہ سے ہٹ کر اپنی سمت میں لے جانے والے پہلے کبھی کم نہیں تھے، گزشتہ کچھ سال میں سام دام دنڈ بھید کاکھلا کاروبارکر کے وہ اپنے آپ کو بہت طاقت ور سمجھتے ہیں، اس کے باوجود ہندوستان بھٹکا نہیں ہے کیوں ہمارے ملک کی بنیاد میں گاندھی کے نظریات مضمر ہیں۔
اس کے علاوہ مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر کمل ناتھ نے گاندھی جینتی پرکہا کہ ملک، دنیا اور سماج میں پھیلے تناؤ سے آزاد ہونے کےلئے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے نظریے کو اپنانے اور ان کے دکھائے راستے پر چلنا ضروری ہے۔ کمل ناتھ مہاتما گاندھی کی 150ویں یوم پیدائش پر مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ذریعہ منعقد پد یاترا میں شامل ہوئے۔
انہوں نے مقامی روشن پورا چوراہے سے منٹو ہال میں واقع مہتاما گاندھی مجسمے تک پدیاترا کی۔ مہاتما گاندھی کے مجسمے پر پھولوں کے ہار چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔اس کے بعد وہ پرانی ودھان سبھا چوراہے پر واقع سابق وزیراعظم آنجہانی لال بہادر شاستری کے مجسمے کے مقام پر پہنچے اور ان کے مجسمے پر بھی پھولوں کے ہار چڑھا کر گلہائے عقیدت پیش کیا۔
چیف منسٹر نے کہا کہ مہاتما گاندھی صرف ہندوستان ہی نہیں پوری دنیا کے لیڈر تھے۔ گاندھی نے اپنی شخصیت اورکاموں سے پوری دنیا میں اپنی شناخت بنائی تھی۔ امریکہ کے صدر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کام کرنے کی جگہ پر بھی مہاتما گاندھی کی تصویر لگی ہوئی ہے۔
کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو یاد کرتے ہوئے ٹویٹ کیا، بابائے قوم مہاتماگاندھی جی کو ان کی 150ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت ،جنہوں نے اپنے الفاظ اور کاموں کے ذریعہ سے ہمیں سکھایا کہ سبھی زندہ مخلوق کےلئے محبت اور عدم تشدد ہی استحصال ،شدت پسندی اور نفرت کو شکست دینے کا واحد طریقہ ہے۔