میٹ مونگانموئی ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر سے بہتر مظاہرہ کی امید کی جارہی ہے تاکہ وہ کل یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے رواں سیریز کے تیسرے اور آخری ونڈے مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 3-0 کی شرمناک شکست سے محفوظ رہ سکیں۔ مستقل کپتان کین ولیمسن کی عدم موجودگی کے باوجود نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ابتدائی دو مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹوئنٹی 20 سیریز کی شکست کا ازالہ کیا ہے۔ آخری مقابلہ کیلئے مستقل کپتان ولیمسن فٹنس ٹسٹ کامیاب کرنے کے بعد ٹیم میں واپسی کیلئے تیار ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کامیابی کا اصل فرق ٹاپ آرڈر کے مظاہرے رہے ہیں۔ ہندوستان کیلئے روہت شرما، شکھردھون کے زخمی ہونے کے بعد ٹیم سے باہر ہونے اور کے ایل راہول کو میڈل آرڈر میں کھلانے کی وجہ سے نئی جوڑی پارتھیو شا اور مینک اگروال کو اننگز کے آغاز کا موقع دیا گیا ہے۔ تاہم دونوں ہی اوپنرس ابتدائی مقابلوں میں بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔ گذشتہ 12 ماہ کے دوران کھیلے گئے ونڈے مقابلوں میں روہت شرما نے 57.30 کی اوسط سے رنز بنائے تھے جو ہندوستان کی فتوحات میں کلیدی رول رہا ہے۔
ہندوستانی ٹیم یہاں ٹوئنٹی 20 سیریز میں 4-0 سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد آخری مقابلہ کیلئے پہنچی تھی اور یہاں بھی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اس نے سیریز کو 5-0 کردیا تھا لیکن اس مرتبہ حالات مختلف ہیں جہاں ہندوستانی ٹیم ونڈے میں ناکامی کے بعد اب خود کو 3-0 کی شرمناک شکست سے محفوظ رکھنے کیلئے کوشاں ہیں۔ ہندوستان جس نے 2014ءمیں کھیلی گئی ونڈے سیریز میں نیوزی لینڈ کی سرزمین پر 4-1 کی شکست برداشت کی تھی۔ نیوزی لینڈ نے اسپنر ایش سودھی اور فاسٹ بولر بلیر کٹنر کو ٹیم میں شامل کیا۔
ولیمسن کی واپسی ، سودھی اور فاسٹ بولر بلیر شامل
ہندوستان کے خلاف11 فروری کو یہاں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ونڈے مقابلہ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے خیمہ میں خوشخبری یہ ہیکہ اس کے کپتان کین ولیمسن فٹنس ٹسٹ کامیاب کرنے کے بعد واپسی کرچکے ہیں۔ علاوہ ازیں ٹیم میں اسپنر ایش سودھی کے علاوہ فاسٹ بولر بلیر ٹکنر کو شامل کیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ ٹیم جس نے پہلے ہی ابتدائی دو مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز پر 2-0 کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرلی ہے اور اب آخری مقابلہ میں بھی کامیابی کیلئے ٹیم نے بولنگ شعبہ کو مضبوط کرنے کیلئے ایش سودھی اور ٹکنر کو شامل کیا ہے۔
یہ دونوں ہی کھلاڑی ہندوستان اے کے خلاف لنکوان میں کھیلے گئے غیر سرکاری ٹسٹ مقابلہ میں میزبان ٹیم کا حصہ تھے۔ نیوزی لینڈ ٹیم کیلئے متعدد کھلاڑیوں کا زخمی ہونا مسائل کا شکار ہے کیونکہ اس کے فاسٹ بولر ٹم ساوتھی اور مچل سینٹنر پیٹ کی تکلیف کے باعث جبکہ اسکاٹ وبائی بخار سے متاثر ہیں۔ ہندوستانی ٹیم جسے ابتدائی دو مقابلوں میں شکست کے بعد سیریز گنوانا پڑا ہے اب وہ کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلہ میں کامیابی کے ذریعہ 3-0 کی شکست سے ان کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرے گی۔ ہندوستان کی لئے سری یاس ایئر کا شاندار فام مثبت پہلو ہے تو دوسری جانب اس کے صف اول کے بولر جسپریت بمرا کا وکٹیں نہ لینے کا سلسلہ تشویش کا باعث ہے۔